پیر,  18  اگست 2025ء
دبئی کا ’ورچوئل ورک ویزا‘ غیر ملکی کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

دبئی(روشن پاکستان نیوز) دبئی  نے ڈیجیٹل نومیڈز اور ریموٹ ورک کرنے والے پروفیشنلز کے لیے ایک منفرد پروگرام متعارف کرایا ہے جسے ’ورچوئل ورک ویزا‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ویزا ایسے افراد کو ایک سال تک دبئی میں رہائش کا موقع فراہم کرتا ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک سے اپنی ملازمت یا کاروبار کو آن لائن انجام دیتے ہیں۔اس کے لیے کسی اسپانسر کی ضرورت نہیں ہوگی، البتہ چند شرائط لازمی پوری کرنا ہوں گی۔

اہلیت کے لیے ضروری ہے کہ درخواست دہندہ کسی غیر ملکی کمپنی میں ملازم ہو یا اپنا کاروبار بیرونِ ملک رجسٹرڈ ہو۔ مزید یہ کہ کم از کم ماہانہ آمدنی 12,856 درہم (تقریباً 9 لاکھ 87 ہزار پاکستانی روپے) ہونا لازمی ہے۔

اہلیت کے اہم نکات

  • غیر ملکی کمپنی کا ملازم ہونا یا بیرونِ ملک رجسٹرڈ بزنس کا مالک ہونا
  • کم از کم ایک سالہ ملازمت یا معاہدے کا ثبوت
  • کم از کم 12,856 درہم ماہانہ آمدنی

درخواست دینے کے لیے کچھ لازمی دستاویزات درکار ہیں۔ ان میں پاسپورٹ، ہیلتھ انشورنس، ملازمت یا بزنس کا ثبوت، کرمنل ریکارڈ سرٹیفکیٹ، رہائش کا پروف، اور تنخواہ کی پرچی یا بینک اسٹیٹمنٹ شامل ہے۔

درکار دستاویزات

  • کم از کم 6 ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ
  • ہیلتھ انشورنس (قیام کی مدت کے لیے)
  • ملازمت یا بزنس کا ثبوت
  • کلین کرمنل ریکارڈ
  • پاسپورٹ سائز تصویر
  • تنخواہ کی سلپ یا پچھلے 3 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ
  • رہائش کا ثبوت

درخواست دینے کا طریقہ بھی سہل رکھا گیا ہے۔ امیدوار آن لائن جی ڈی آر ایف اے دبئی پورٹل یا ورچوئل ورکنگ پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، یا دبئی میں موجود ’امر سینٹر‘ کے ذریعے کاغذی کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔ درخواست فارم جمع کروانے کے بعد فیس 372.5 درہم (تقریباً 28،605 پاکستانی روپے) ہے۔

منظوری کے بعد اگر آپ دبئی سے باہر ہیں تو انٹری پرمٹ ملے گا۔ دبئی پہنچنے پر میڈیکل فٹنس ٹیسٹ، بائیومیٹرکس، امارات آئی ڈی اور ویزا اسٹیمپنگ کے مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔

مزید پڑھیں: دبئی پولیس کی سخت وارننگ: حادثات کی صورت میں فوری اطلاع دینا لازمی قرار

یہ ویزا اُن پروفیشنلز کے لیے بہترین ہے جو دبئی کے جدید طرزِ زندگی کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں لیکن مستقل رہائش اختیار نہیں کرنا چاہتے۔ ویزا کی مدت ایک سال ہے، تاہم اگر آپ دوبارہ اہل ہوں تو اس کی تجدید بھی ممکن ہے۔

مزید خبریں