اتوار,  17  اگست 2025ء
ٹیکسلا میں پولیس مقابلہ: انتہائی مطلوب اشتہاری عامر شاہ ہلاک، ساتھی فرار

ٹیکسلا (کرائم رپورٹر)  ٹیکسلا کے علاقہ میں ایک بڑے پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب اشتہاری عامر شاہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقابلہ اُس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈویژن) کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق، ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں عامر شاہ موقع پر ہی مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کارروائی میں حصہ لینے والی سی سی ڈی ٹیم اور ریجنل آفیسر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خطرناک ملزمان کی فائرنگ کے باوجود افسران نے بہادری سے فرائض انجام دیے۔

ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والا عامر شاہ ایک درجن سے زائد قتل کے مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔ وہ جہلم میں اے این ایف افسران کو شہید کرنے، راولپنڈی جاتلی اور سرگودھا میں تہرے قتل کے سنگین مقدمات میں بھی ملوث تھا۔ اس کی گرفتاری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھی جا رہی تھی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن، 18 ملزمان گرفتار

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، پولیس ہر حال میں امن و امان کو یقینی بنائے گی۔

پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

مزید خبریں