هفته,  16  اگست 2025ء
سیلاب سے ہونے والی تباہی ماحولیاتی بحران کا ثبوت ہے: سحر کامران کا متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی

ماحولیاتی بحران فوری اقدامات کا تقاضا کرتا ہے: پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران کا متاثرہ علاقوں سے اظہار ہمدردی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، باجوڑ اور مظفرآباد میں حالیہ تباہ کن سیلابوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد خاندان بے گھر ہو گئے۔

اپنے ایک بیان میں سحر کامران نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا:
“اللہ تعالیٰ سب کو اس آزمائش کی گھڑی میں صبر، حوصلہ اور حفاظت عطا فرمائے۔ آمین۔”

انہوں نے کہا کہ یہ سانحات ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ ماحولیاتی تبدیلی اب کوئی دور کی بات نہیں بلکہ ایک حقیقی اور فوری بحران ہے جو پاکستان کی کمزور آبادیوں کو براہِ راست متاثر کر رہا ہے۔ سحر کامران نے حکومت اور تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ ٹھوس ماحولیاتی پالیسیوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکمت عملیوں کو اپنائیں تاکہ آئندہ ایسی تباہ کاریوں سے بچا جا سکے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کو نشانِ امتیاز ملنا پیپلز پارٹی اور قوم کیلئے باعثِ فخر ہے، سحر کامران

ان کا کہنا تھا کہ:
“یہ صرف قدرتی آفات نہیں بلکہ ایک انتباہ ہے کہ ہمیں فوری اور پائیدار اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اپنی عوام اور آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔”

پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ان کی جماعت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ریلیف و بحالی کے ہر ممکن اقدامات میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں