برمنگھم(روشن پاکستان نیوز ) لیبر پارٹی کی رہنما اور برطانیہ کی نئی انصاف کی سیکرٹری شبانہ محمود، ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف نمایاں اقدامات کر رہی ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، برمنگھم کے علاقے اسمال ہیتھ میں پیدا ہونے والی شبانہ نے ایک ایسے ماحول میں پرورش پائی جہاں جرائم عام تھے، اور آج وہ اسی نظام انصاف کی سربراہی کر رہی ہیں۔
شبانہ محمود اس وقت انصاف کی سیکرٹری اور لارڈ چانسلر کے اہم عہدے پر فائز ہیں، جہاں ان کی ذمہ داریوں میں قانون کی بالادستی قائم رکھنا اور جرائم پر قابو پانا شامل ہے۔ اگرچہ برطانیہ میں پُرتشدد جرائم میں کمی دیکھی گئی ہے، لیکن دکانوں سے چوری، چھین جھپٹ، اور عوامی مقامات پر بدامنی جیسے جرائم میں اضافے نے شہریوں میں عدم تحفظ کے احساس کو جنم دیا ہے۔
کچھ سیاستدان ان جرائم کو امیگریشن سے جوڑتے ہیں، تاہم شبانہ محمود کا مؤقف اس سے مختلف ہے۔ وہ خود تارکین وطن کی بیٹی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ “برطانوی ہونا صرف ایک حق نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔”
مزید پڑھیں: برطانیہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ، عالمی اتحادیوں سے مشاورت
ان کے قریبی ذرائع کے مطابق، شبانہ اس بات کو توہین سمجھتی ہیں جب کوئی فرد برطانیہ آکر اس کے قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ وہ قانون کے احترام کو اپنی ترجیح قرار دیتی ہیں اور پرعزم ہیں کہ برطانیہ میں قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
شبانہ محمود کا مؤثر مؤقف اور عملی اقدامات، برطانیہ میں ایک ایسے انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کی طرف اشارہ کرتے ہیں جہاں قانون سب کے لیے برابر ہو۔