مانچسٹر (شہزاد انور ملک) – یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستان قونصلیٹ جنرل مانچسٹر میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔
تقریب میں قونصل جنرل طارق وزیر، قونصلر چوہدری امتیاز فیروز گوندل سمیت کمیونٹی رہنماؤں، پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں، خواتین، بچوں، نوجوانوں اور قونصلیٹ اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں چوہدری امتیاز فیروز گوندل نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی، جس کے بعد فضا میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
خطاب میں کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنے کی تلقین
تقریب سے قونصل جنرل طارق وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
“یومِ آزادی ہمیں قربانیوں، اتحاد اور حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں نہ صرف اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہیے بلکہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو آج بھی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا احساس دلاتا ہے، جنہوں نے ایک آزاد وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا۔ آج کا دن ہم سب کے لیے وطن سے تجدیدِ عہد وفا کا موقع ہے۔
کمیونٹی رہنماؤں کا اظہارِ جذبات
تقریب میں موجود کمیونٹی رہنماؤں اور پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں نے بھی پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ بیرونِ ملک رہنے کے باوجود وطنِ عزیز کے لیے دِل دھڑکتے ہیں۔ اس موقع پر ملی نغمے پیش کیے گئے اور بچوں نے یوم آزادی کے حوالے سے تقاریر کیں جنہیں خوب سراہا گیا۔
خصوصی دعائیں اور کیک کاٹنے کی تقریب
آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام، کشمیری عوام کی آزادی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کا اختتام یومِ آزادی کا کیک کاٹنے کے ساتھ ہوا۔
مزید پڑھیں: 14 اگست پر تاریخ کا مذاق — بانیانِ پاکستان کو سرکاری اشتہارات سے غائب کر دیا گیا
تقریب کو قومی جذبے اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، جس نے وطن سے ہزاروں میل دور رہنے والے پاکستانیوں کے دلوں کو جوشِ وطن سے لبریز کر دیا۔