اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – زندہ قومیں اپنے قومی و مذہبی تہوار جوش و خروش سے مناتی ہیں۔ اسی جذبے کے تحت پمز کالونی میں جشنِ آزادی کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام ملک ذیشان اعوان (ترجمان فیڈرل پیرامیڈکس) اور محمد ابوبکر کی محنت سے کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی جوائنٹ انچارج بین الصوبائی رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم، زاہد محمود ملک تھے جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر یہ وطن حاصل کیا۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح، ڈاکٹر علامہ اقبال اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد اور ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما سید ندیم منصور، شہزاد آصف، عتیق الرحمن، متین خان، جنرل سیکرٹری پیرامیڈکس آل پاکستان حاجی محمد ارشد خان، پمز نان گزیٹیڈ ویلفیئر کے جنرل سیکرٹری محمد وسیم، ارشاد گجر، ملک اخلاق اعوان اور دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو آزادی کی قدر کرنے اور اپنی مٹی سے وفاداری کا درس دیا۔
پمز ریٹائرڈ ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے پریس سیکرٹری ملک تنویر نوشاہی اور ریڈیو و ٹی وی کے معروف فنکار راجہ عبدالستار نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں پمز کے ملازمین اور ان کے بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے قومی ترانے، ملی نغمے اور گیت پیش کیے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور پاک فوج کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، اور جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا۔