اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر تھے، جب کہ ایکٹنگ پریزیڈنٹ شیخ طیب سعید، سینئر وائس پریزیڈنٹ سردار ظہیر احمد اور دیگر تاجر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور آزادی کی خوشی کو جوش و خروش سے منایا گیا۔
اپنے خطاب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ “خیبر سے کراچی تک ہماری واحد اور مشترکہ پہچان پاکستان ہے، یہی رشتہ ہمیں ایک قوم بناتا ہے”۔ انہوں نے تاجروں کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین تاجروں کو آگے لانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ حکومت کا مرکزی فوکس تاجروں کے مسائل کا حل ہے اور جلد اس حوالے سے مثبت خبریں سننے کو ملیں گی۔ انہوں نے کہا:
“تاجروں نے ہر مشکل وقت میں قربانی اور حوصلے کا مظاہرہ کیا — میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں،”
اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کاروباری برادری کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے شہداء وطن کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے سب سے زیادہ محب وطن شہری ہیں جنہوں نے ملک کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔
“گوادر پاکستان کی تقدیر بدل دے گا، ہمیں گوادر سے گلگت تک اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دینا ہوگا،”
انہوں نے کہا۔
سیدال خان ناصر نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرے اور بین الصوبائی نفرت یا منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی نے بھارت کو جنگی میدان میں شکست دے کر اپنی برتری منوائی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان معیشت میں بھی اپنی قوت کا لوہا منوائے۔
اس موقع پر قائم مقام صدر چیمبر شیخ طیب سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
“ہماری پہچان ہمارے وطن سے ہے، اگر ملک ہے تو سب کچھ ہے، اگر ملک نہ ہو تو کچھ نہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد چیمبر 60 ہزار تاجروں کی نمائندگی کرتا ہے، جن میں 3 ہزار رجسٹرڈ ممبران شامل ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پالیسی سازی میں تاجروں کو شامل کیا جائے تاکہ ان کے مسائل بہتر انداز میں حل ہو سکیں۔
سینئر نائب صدر سردار ظہیر احمد نے کہا کہ یہ تقریب آزادی کی خوشی کے لیے رکھی گئی تھی، اگلی میٹنگ میں تجارتی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
آخر میں چیئرمین CBO پاکستان اور ممتاز تاجر رہنما میاں راشد ہمایوں نے بھی خطاب کیا اور مہمانِ خصوصی سیدال خان ناصر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کاروباری برادری کے ساتھ یومِ آزادی منایا۔
تقریب کا اختتام کیک کاٹنے اور مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کرنے پر ہوا۔