جدہ (روشن پاکستان نیوز) — پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ کی نئی عمارت میں ایک پر وقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی قیادت قونصل جنرل خالد مجید نے کی، جب کہ پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانی صحافیوں، کمیونٹی رہنماؤں، بچوں اور خواتین سمیت بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی سے ہوا۔ بعد ازاں صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستانی اسکول کے طلباء نے وطن سے محبت پر مبنی تقاریر پیش کیں۔ قونصل جنرل خالد مجید نے یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن نہ صرف آزادی کی قدر کرنے کا پیغام دیتا ہے بلکہ ہمیں اس کے تحفظ اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی یاددہانی بھی کرواتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی کے ساتھ ساتھ “معرکۂ حق” کی کامیابی کا بھی جشن منایا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنی افواج کو دشمن کے گھر میں گھس کر وار کرتے ہوئے دیکھا، جو ہماری جرأت و بہادری کی عظیم مثال ہے۔
انہوں نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی مختلف شعبوں میں کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا، اور جدہ میں نئی قونصلیٹ عمارت کی جلد تکمیل پر قونصل خانے کی پوری ٹیم کو شاندار الفاظ میں سراہا۔
تقریب کا اختتام کیک کاٹنے، بچوں میں تحائف کی تقسیم اور پاکستان و سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔