اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) برطانوی نژاد پاکستانی پروموٹر اور انفینیٹ چیمپئن شپ کے بانی اکرام گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کو عالمی معیار پر فروغ دیا جائے گا اور ملک کے باصلاحیت فائٹرز کو دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو میں اکرام گیلانی نے کہا:پاکستان میں کھیلوں کی اصل شناخت کرپشن نے تباہ کر دی ہے، لیکن ایم ایم اے میں نہ دھوکہ ہے، نہ سیاست۔ یہاں صرف محنت اور دل کام آتا ہے، اور پاکستان کے پاس دل کی کمی نہیں۔انہوں نے کہا کہ انفینیٹ چیمپئن شپ صرف ایک ایونٹ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو سیاست، جھوٹ اور نوجوانوں کے ضیاع کو ختم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔پریس کانفرنس میں موجود فائٹرز میں گل محمد زمان، اور رحمت اللہ صفی، شامل تھے، جو مین ایونٹ میں فائٹ کریں گے۔ کوچز محمد زمان،اور دلاور خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
محمد زمان، جنہوں نے ایران، تھائی لینڈ اور افغانستان میں فائٹس کی ہیں، کا کہنا تھا کہ اگر مخلص لوگ آگے آئیں تو چند سالوں میں پاکستانی فائٹرز یو ایف سی میں پہنچ سکتے ہیں۔ ہم انڈیا سے بہتر ہیں، سب سے بہتر ہیں، بس پلیٹ فارم چاہیے،انہوں نے کہا۔
گل محمد زمانی، جو 11-0 کے ناقابلِ شکست ریکارڈ کے مالک ہیں، نے کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو نظم و ضبط اور والدین کی عزت سکھاتا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی بینٹم ویٹ فائٹرز کو چیلنج بھی دیا کہ وہ کسی بھی وقت مقابلے کے لیے تیار ہیں۔کوچ دلاور خان نے کہا کہ پاکستان میں ایم ایم اے تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ ان کے مطابق، عالمی معیار کے ایونٹس سے پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہو سکتا ہے۔اکرام گیلانی نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ یہ آغاز ہے، اور ان شاء اللہ ہم ایمانداری اور محنت سے وہ ورثہ قائم کریں گے جس پر پاکستان فخر کرے گا