هفته,  09  اگست 2025ء
آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 2025 کا شاندار آغاز، فائنلز 14 اگست کو ہوں گے

اسلام آباد (زاہد خان) پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 2025 کا آغاز لیزر سٹی باؤلنگ کلب، اسلام آباد میں شاندار تقریب کے ساتھ ہوگیا۔ چیمپئن شپ کا افتتاح سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ منسٹری، محی الدین وانی نے کیا، جنہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت سمت دینے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمٰن اور سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ کرنل (ر) کامران خالد جنجوعہ بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر میوزیکل پرفارمنس نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد و خواتین کھلاڑیوں کی شرکت جاری ہے، جبکہ مجموعی طور پر نو کیٹیگریز میں مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیز سنگلز، ایمیچور، ڈیف مینز سنگلز، ڈیف لیڈیز سنگلز، ٹیم ایونٹ، میڈیا اور ٹک ٹاکرز کیٹیگری شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پب جی: ایک مقبول گیم یا نئی نسل کیلئے خطرہ؟

پہلے روز خصوصی کیٹیگری (خصوصی افراد) کے میچز کا انعقاد کیا گیا، جبکہ چیمپئن شپ کے فائنلز 14 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ اختتامی تقریب میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن یہ ایونٹ ہر سال جشنِ آزادی کے موقع پر 2003ء سے مسلسل منعقد کر رہی ہے۔

مزید خبریں