اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)وفاقی دارالحکومت کے علاقہ بنی گالہ میں سیوریج کے ناقص نظام علاقہ مکینوں کے لیے درد سر بن گیا۔بارش کے باعث سیوریج کا پانی گلی،محلوں میں داخل ہونے سے شہریوں کا چلنا پھرنا محال ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقہ بنی گالہ میں سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے عوام الناس شدید مشکلات اور اذیت میں مبتلا ہیں۔باران رحمت یہاں کے رہائشیوں کے لیے زحمت بن جاتی ہے۔بارش کے باعث سیوریج کا پانی گلی،محلوں اور سڑکوں پر آ جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل ہو جاتا ہے۔سیوریج کے پانی سے بچوں کا سکول جانا،نمازیوں کا مساجد تک پہنچنا دشوار ہو جاتا ہے۔ ترقیاتی کاموں کے نام پر انتظامیہ بھاری فنڈز تو بٹور لیتی ہے مگر عملی طور پر علاقے میں کوئی خاطر خواہ کام نظر نہیں آتا۔خیال رہے کہ بنی گالہ نہ صرف رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا حلقہ ہے بلکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ بھی یہاں ہے مگر اس کے باوجود یہاں بنیادی سہولیات کی کمی لمحہ فکریہ ہے۔اس حوالے سے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے سیوریج کے نظام کو ٹھیک کرنے کے وعدے تو کیے جا رہے ہیں مگر کوئی خاص عملی اقدامات نظر نہیں آتے۔ بارش کی صورت میں پانی گلی ،محلوں اور سڑکوں پر آ جاتا ہے، جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ جاتی ہے۔اس حوالے سے علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بنی گالہ جیسے اہم اور مرکزی علاقہ میں سیوریج کا مستقل اور پائیدار حل کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کو اذیت ناک صورت حال سے نجات مل سکے۔











