راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ اوورسیز کے جنرل سیکرٹری رانا افتخار کی صدارت میں اوورسیز یوتھ ونگ کے صدور کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ممالک سے یوتھ ونگ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا افتخار نے واضح الفاظ میں کہا کہ بیرسٹر امجد ملک کی جانب سے جاری کردہ یوتھ ونگ کی تحلیل کا نوٹیفکیشن جعلی اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد یوتھ ونگ کیپٹن (ر) صفدر اور ایم این اے و چیف آرگنائزر یوتھ ونگ علی زاہد کی جانب سے تمام ممالک کی یوتھ ونگ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں اپنے فرائض بدستور جاری رکھیں۔
رانا افتخار نے کہا کہ یہ سب ایک جھوٹ پر مبنی سازش تھی جس کا مقصد یوتھ ونگ کو کمزور کرنا تھا۔ تاہم قیادت کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے کسی بھی ونگ کو نہ تو ختم کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی اسے ختم کرنے کی جرات کر سکتا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جب تک قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف اور مرکزی قیادت کی طرف سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں آتا، تمام ونگ بدستور اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: یومِ آزادی کے بینرز سے بانی پاکستان قائداعظم کی تصویر غائب، سوشل میڈیا صارفین کی ن لیگ پر شدید تنقید
رانا افتخار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ متحد ہے، اور کارکن کسی افواہ یا جعلی نوٹیفکیشن پر کان نہ دھریں۔ مسلم لیگ (ن) کی یوتھ قیادت صرف اور صرف اپنے قائد نواز شریف کی ہدایت پر عمل کرے گی۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے یوتھ ونگ کی تنظیمی یکجہتی پر اعتماد کا اظہار کیا اور ہر سطح پر پارٹی کے لیے کام جاری رکھنے کا عزم کیا۔