پیر,  04  اگست 2025ء
دعوت اسلامی کا استقبال ربیع الاول کیلئے عظیم الشان اجتماع کا انعقاد

کراچی (میاں خرم شہزاد) دعوت اسلامی کے زیر اہتمام نشتر پارک گراؤنڈ کراچی میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں ایک عظیم الشان روح پرور اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں اراکین شوریٰ، نگران ایسٹ، ویسٹ، سٹی، ڈسٹرکٹ اور ٹاؤن ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں عاشقان رسول شریک ہوئے،اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کے بعد حضور اقدس ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی گئی، اجتماع میں شریک عاشقان رسول کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، سبز پرچموں کی بہار، مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ کی صدائیں اور محبت رسول ﷺ سے لبریز ماحول نے ایک روحانی منظر پیش کیا۔ نعت خوانوں نے بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے نعتیہ کلام پڑھے جس سے اجتماع گاہ میں سماں باندھ گیا، استقبال ربیع الاول کے اجتماع سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے اخلاق مصطفیٰ ﷺ کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا اخلاق بہترین اور بے مثال تھا،حضور نبی پاک ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی ایسا حسن سلوک فرمایا کہ وہی دشمن بعد میں جان نثار صحابہ بن گئے، فتحِ مکہ کے موقع پر عام معافی، طائف میں ستائے جانے کے باوجود دعا دینا، غلاموں، یتیموں اور عام لوگوں سے شفقت و نرمی، یہ سب وہ روشن مثالیں ہیں جو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ مولانا عمران عطاری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا معاشرہ بد اخلاقی، بدزبانی، غیبت، حسد، جھوٹ اور بدگمانی جیسی برائیوں میں گھرا ہوا ہے جبکہ سیرت مصطفیٰ ﷺ ہمیں ان سب سے بچنے اور اخلاق حسنہ اپنانے کا درس دیتی ہے، انہوں نے اجتماع میں شریک عاشقان رسول کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ”ہمیں صرف میلاد منانے تک محدود نہیں رہنا بلکہ میلاد والے نبی ﷺکے اخلاق کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔ نگران شوریٰ نے عاشقان رسول ﷺ کو پیغام دیا کہ اس سال بارہ ربیع الاول کو ”1500 واں جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ” بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ دعوت اسلامی اس موقع کو تاریخی بنانے جارہی ہے اور 1500 مساجد ”فیضان میلاد” کے نام سے دنیا بھر میں تعمیر کی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ یہ عظیم منصوبہ ایک عالمی سطح کا دینی انقلاب ہوگا، جس کا مقصد نہ صرف مساجد کی تعمیر ہے بلکہ حضور ﷺ سے سچی محبت کے عملی مظاہرے کو فروغ دینا بھی ہے، لہٰذا عاشقان رسول اس بابرکت مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مساجدکی تعمیر میں تعاون کر کے صدقہ جاریہ کا ذریعہ بنیں۔ مولانا محمد عمران عطاری نے عاشقان رسول کو نمازوں کی پابندی، علم دین کے حصول کیلئے قافلوں میں سفر کرنے اور نیکی کے دیگر کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دی، اس موقع پر شرکائے اجتماع نے نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور اپنی زندگیاں سنت رسول ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عزم کیا،یہ روح پرور اجتماع صلوٰۃ و سلام اور دعائے خیر کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں امت مسلمہ کی خیر و بھلائی، پاکستان کی سلامتی اور دین اسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزید خبریں