پیر,  04  اگست 2025ء
ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے زیر اہتمام بارسلونا میں جشنِ آزادی پاکستان کی پُروقار تقریب کا انعقاد

بارسلونا (اصغر علی مبارک) — ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے زیر اہتمام بارسلونا میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک شاندار سیمینار اور جشنِ آزادی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی، سیاسی رہنماؤں اور قونصل خانہ پاکستان کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی تھے۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری شان، پہچان اور فخر ہے، جسے ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔ ہمیں اس ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کی صدارت چوہدری پرویز اقبال لوہسر (چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن) نے کی، جبکہ قونصلیٹ پاکستان بارسلونا کی نمائندگی ویلفیئر اتاشی سالک گوندل نے کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے سیکرٹری اطلاعات اقبال گل وحید خٹک، صدر ای یو پاک فرینڈ شپ کامران خان اور دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت رضوان کاظمی نے حاصل کی۔ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اویس حیدری نے پیش کی جبکہ سعید حیدری اور قدیر احمد خان نے ملی نغمے سنا کر محفل کو وطن پرستی کے جذبے سے بھر دیا۔

تقریب میں “پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، فیلڈ مارشل سید حافظ عاصم منیر زندہ باد” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ قومی ترانہ بجایا گیا اور یوم آزادی کا گرینڈ کیک ملک حفیظ اعوان، ملک نوید اعوان، ملک شفیق اعوان، راجہ مدثر اقبال بلانی، بلال احمد شریف اور رضوان کاظمی نے کاٹا۔

تقریب سے عبدالوحید خٹک (اوورسیز کمیونٹی رہنما)، آفیسر ایمیگریشن قونصلیٹ بارسلونا، محمد اقبال چوہدری، خالد شہباز چوہان، کامران خان، سید عبدالقادر گیلانی اور چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے بھی خطاب کرتے ہوئے وطن سے محبت، یکجہتی اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔

مزید پڑھیں: حریت کانفرنس نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال دے دی

مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بیرونِ ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے رہیں گے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔

مزید خبریں