اتوار,  03  اگست 2025ء
اسلام آباد: خواتین امن جرگہ پروگرام کا تاریخی آغاز، خان بی بی کی قیادت میں نئی تاریخ رقم

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — پاکستان میں خواتین کی قیادت اور شراکت داری کے فروغ کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کے چیئرمین رعایت اللہ خان المعروف خان بابا نے پاکستان بھر میں خواتین امن جرگہ پروگرام کے باضابطہ قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پروگرام کی چیئرپرسن معروف سماجی رہنما سعدیہ خان (خان بی بی) کو مقرر کیا گیا ہے۔

یہ اقدام خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے، اور قومی ترقی میں ان کی مؤثر شرکت یقینی بنانے کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں 2 اگست 2025 کو کوئٹہ کے فیڈرل لاؤنج 1، زرغون روڈ پر ایک قومی سیمینار اور اعلان کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں بلوچستان بھر سے خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء میں کاروباری خواتین، این جی اوز کی نمائندہ شخصیات، سول سوسائٹی اور دیگر اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ “خواتین امن جرگہ پروگرام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اور یہ پاکستان میں ترقی، امن اور شمولیتی قیادت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔”

جرگہ نظام کی توسیع

ورلڈ پیس جرگہ پروگرام پہلے ہی پاکستان کے تمام صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اپنا جرگہ نیٹ ورک قائم کر چکا ہے۔ اب خواتین جرگہ پروگرام کی توسیع کی جا رہی ہے، جس کے تحت اسلام آباد میں اگست کے آخر میں نیشنل لائبریری (وزیراعظم ہاؤس کے قریب) میں صوبائی ممبران کی حلف برداری اور قومی سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ اس میں وفاقی وزارتوں، غیر ملکی سفارت خانوں، سول سوسائٹی، اور حکومتی اداروں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔

حکومتی تعاون اور خراجِ تحسین

ورلڈ پیس جرگہ پروگرام نے حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہا، خصوصاً چیف سیکریٹریز، ہوم سیکریٹریز، کمشنرز، ڈی سی صاحبان، آئی جیز، اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی معاونت پر شکریہ ادا کیا گیا۔

خواتین کی قیادت کا نیا باب

خان بی بی کی قیادت میں شروع ہونے والا یہ پروگرام خاص طور پر بلوچستان اور دیگر پسماندہ علاقوں کی خواتین کے لیے ایک باوقار پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو تحفظ، مالی خودمختاری، اور ترقیاتی فنڈز تک رسائی ممکن بنائی جائے گی۔ انہیں موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنے مسائل خود پیش کریں اور ان کے حل میں عملی کردار ادا کریں۔

بین الاقوامی ڈونر کانفرنسز کا اعلان

ورلڈ پیس جرگہ پروگرام جلد ہی اسلام آباد، ایران، دبئی، ریاض، قطر، برطانیہ، اور امریکہ میں بین الاقوامی ڈونر کانفرنسز کا انعقاد کرے گا تاکہ عالمی سرمایہ کاروں اور عطیہ دہندگان کو خواتین کی ترقی اور بلوچستان جیسے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔

آخر میں چیئرمین خان بابا اور چیئرپرسن خان بی بی نے وزیراعظم پاکستان، صدر پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، وزرائے اعلیٰ، کور کمانڈرز، اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ خواتین امن جرگہ پروگرام کو مکمل لاجسٹک سپورٹ، سیکیورٹی، اور خصوصی ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ ایک پُرامن، بااختیار اور جامع پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے، جہاں خواتین نہ صرف رہنما ہوں بلکہ تبدیلی کی علمبردار بھی۔

مزید خبریں