اتوار,  03  اگست 2025ء
کل سے ملک میں بارش کے نئے سلسلے کا آغاز، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد راولپنڈی میں مزید بارش ہونے کی توقع ہے۔

خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور ژوب میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہا۔

 دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 4 سے 7 اگست کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ جس کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اگست کوسندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل بارے الرٹ جاری کر دیا ہے، مون سون سسٹم کے ساتھ کل سے مغربی ہوائیں بھی شامل ہو جائیں گی، 4 سے 7 اگست کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 اگست کو ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں اور راجن پور میں بارشوں کی پیشگوئی ہے،5 سے 7 اگست کے دوران مری، گلیات، راولپنڈی اور پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے،مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے، بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے 7 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، بارشوں کے باعث ملاکنڈ، ہزارہ، مردان اور پشاور ڈویژن میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

مزید خبریں