اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر خورشید احمد قریشی کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس مرکزی دفتر آبپارہ مارکیٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد میں گدھے کے گوشت کی فروخت کے خلاف اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کا خیر مقدم کیا گیا۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر جاوید قریشی، جنرل سیکریٹری سردار ظہیر احمد، نائب صدر زاہد مسعود خان اور سیکریٹری اطلاعات و نشریات اقبال قریشی نے شرکت کی۔
صدر خورشید احمد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت القریش گزشتہ تین دہائیوں سے اسلام آباد میں سرکاری سلاٹر ہاؤس کے قیام کے لیے مطالبہ کرتی آ رہی ہے تاکہ حرام اور غیر معیاری گوشت کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جدید ذبح خانے کی عدم موجودگی کے باعث گوشت میں ملاوٹ اور غیرقانونی ذبح کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
خورشید احمد قریشی نے انکشاف کیا کہ کچھ غیر ملکی عناصر اسلام آباد میں حرام گوشت کا کاروبار کر رہے ہیں، جن کے خلاف فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور اسلام آباد میں صحت مند اور محفوظ گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے علاقے I-11/4 میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سلاٹر ہاؤس کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جائے اور اس پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے سخت ضابطے اور مؤثر نگرانی کے نظام کے نفاذ کا مطالبہ کیا تاکہ غیر صحت بخش اور حرام گوشت کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔
آخر میں جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گوشت کی فراہمی کے نظام میں بہتری، شفافیت اور قانونی عملداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور حلال گوشت فراہم ہو سکے۔