اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)لیجنڈری اداکارہ، گلوکارہ اور مزاح نگار بشریٰ انصاری نے ایک بار پھر اپنے منفرد انداز میں خواتین کو خودمختاری اور اعتماد کا پیغام دے دیا! اپنی نئی انسٹاگرام ویڈیو میں انہوں نے پرانے کلاسیکی گانوں پر مزاحیہ تبصرے کرتے ہوئے خوبصورت گفتگو کی۔
بشریٰ انصاری نے پرانی روایتوں اور گانوں کی جھلک دکھا کر ایک بڑی سچائی کو بے حد دلچسپ انداز میں پیش کیا ہے
انہوں نے کہا ’ہمارے دور کے سارے گانے عورت کے ذریعے مرد کی خوشی کے گرد گھومتے تھے!‘ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، ’لڑکیوں، اپنے لیے سجنا سنورنا سیکھو، دوسروں کو خوش کرنے کے لیے نہیں!‘
انہوں نے طنزیہ انداز میں معاشرتی سوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اپنی شناخت اور خوشی کو دوسروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔
بشریٰ انصاری پاکستان شوبز انڈسٹری کی ایک ایسی نامور اور ہمہ جہت شخصیت ہیں جنہوں نے اداکاری، گلوکاری، مزاح، اسکرپٹ رائٹنگ اور ہوسٹنگ ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ وہ نہ صرف ایک تجربہ کار فنکارہ ہیں بلکہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ کا ایک سنہرا باب بھی ہیں۔
بشریٰ انصاری نے 1980 اور 1990 کی دہائی میں ٹی وی ڈراموں کے ذریعے خوب شہرت حاصل کی۔ بشریٰ انصاری کا تعلق ایک علمی اور ادبی گھرانے سے ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کم عمری میں بچوں کے پروگرام ’کلیوں کی مالا‘ سے کیا، اور وقت کے ساتھ وہ پاکستان ٹیلی وژن کا ایک مضبوط و معروف چہرہ بن گئیں۔
بشریٰ انصاری نے گلوکاری میں بھی نام کمایا۔ انہوں نے ٹی وی پر کئی پروگرامز میں نغمات پیش کیے اور مزاحیہ خاکوں میں گانا گا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔
ان کے مشہور مزاحیہ پروگرامز میں، شو ٹائم اور ففٹی ففٹی کے علاوہ وہ مختلف کرداروں میں خود کو ڈھالنے کی ماہر ہیں انکے پیروڈی کرداروں کو خوب پسند کیا گیا۔
انہیں مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا، حکومت پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز اور پاکستانی ٹیلی وژن کی جانب سے متعدد ایوارڈز، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز حاصل کیے۔
حالیہ برسوں میں بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز کے ذریعے خواتین کی خودمختاری، خوداعتمادی اور معاشرتی سوچ پر طنزیہ تبصرے پیش کیے ہیں، جو ناظرین میں بے حد مقبول ہو رہے ہیں۔