اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے سینئر رہنما اور G-9 یوسی چیئرمین ملک سجاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا راز امن میں ہے، اور وطن عزیز کے لیے دی گئی سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ملک سجاد نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملک کے اندر اور سرحدوں پر قیام امن کے لیے تاریخی کردار ادا کر رہی ہیں اور پوری قوم پاک فوج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کا قلع قمع ہر حال میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف متحرک ہیں اور خاص طور پر مسلمانوں میں نفرت، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن ہماری مسلح افواج ان باطل قوتوں کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند مضبوطی سے کھڑی ہیں۔
ملک سجاد نے مزید کہا کہ دہشتگرد بلوچستان میں پنجابیوں کو شہید کرکے بلوچی اور پنجابیوں کے درمیان خلیج اور نفرت پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن یہ جان لینا چاہیے کہ بلوچستان میں ہمارے پنجابی بھائیوں کو شہید کرنے والے بھارت کے ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو تقسیم کرنے اور لڑانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ بزدل اور کم ظرف بھارت نے پاک فوج کے ہاتھوں بدترین شکست کھانے کے بعد گھٹیا حرکتوں کا آغاز کیا ہے اور دہشتگردوں کے ذریعے سویلینز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا جائے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ ملک بھر میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔