اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد شعبہ خواتین کی صدر، رکن قومی اسمبلی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم، پروفیشنل ٹریننگ و قومی ورثہ فرح ناز اکبر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں انتشار اور فساد کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سیاسی و معاشی استحکام کے لیے جدوجہد کرتی آئی ہے، جبکہ کچھ عناصر صرف ذاتی مفادات کی خاطر ملک کو بحرانوں میں جھونکنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
فرح ناز اکبر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے ساڑھے تین سالہ دورِ حکومت میں نہ صرف ملک کو انارکی کی طرف دھکیلا بلکہ معیشت کو بھی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر وہی جماعت جلاؤ گھیراؤ اور بدامنی کی سیاست پر عمل پیرا ہے، جو کسی طور پر ملک و قوم کی خیرخواہ نہیں ہو سکتی۔ ایسے عناصر کو “ناسور” قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کی سرپرستی میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے تاکہ سیاسی استحکام کے ذریعے معاشی بہتری ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے تاریخی کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، موٹروے، میٹرو بس، اورنج ٹرین، الیکٹرک بسیں، سی پیک جیسے منصوبے، بجلی و گیس بحرانوں کا خاتمہ اور دہشتگردی کی روک تھام جیسے نمایاں اقدامات کیے۔
فرح ناز اکبر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور ملکی ترقی کی خاطر کردار ادا کیا ہے، اور موجودہ اتحادی حکومت بھی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو انتشار کی طرف لے جانے کی سازشیں کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی معاشی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے یکجا ہوں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام سے کیے گئے وعدے اب عملی صورت اختیار کر رہے ہیں، اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔