اتوار,  27 جولائی 2025ء
اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ڈرون کے ذریعے کارروائیاں، ایک ہفتے میں 200 سے زائد ڈرائیورز کی نشاندہی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک نظام کو موثر بنانے اور قوانین کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال جاری ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ پہلی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ڈرون مانیٹرنگ کے ذریعے 200 سے زائد ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ متعدد کو وارننگ جاری کی گئی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد، سید علی ناصر رضوی کے ویژن کے تحت اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ڈرون کیمروں کے ذریعے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی نگرانی کا نظام متعارف کرایا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کے مطابق پاکستان میں پہلی بار ڈرون ٹیکنالوجی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ڈرون کیمروں سے گزشتہ ہفتے کے دوران سگنل توڑنے، لین کی خلاف ورزی، اور دیگر سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔ سی ٹی او کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے نہ صرف قانون شکن عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ کارروائی کی جا رہی ہے بلکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کا احساس بھی دلایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرون مانیٹرنگ سسٹم شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، حادثات کی روک تھام اور جدید نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو آئندہ دنوں میں مزید بہتر نتائج فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں: سی سی ڈی کا تاج باغ میں چھاپہ: صلح شدہ دوہرے قتل کے مقدمے میں نامزد شخص کو گرفتار کر کے سیاسی مداخلت پر رہا کر دیا گیا

مزید خبریں