پشاور (روشن پاکستان نیوز) خیبرپختونخوا سے حالیہ سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے 5 آزاد امیدواروں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔
پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے سینیٹرز میں مرزا محمد آفریدی، سینیٹر اعظم سواتی، فیصل جاوید، نورالحق قادری اور روبینہ ناز شامل ہیں۔ تمام نو منتخب سینیٹرز نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو شمولیت کے ڈیکلریشن جمع کرا دیے ہیں، جنہیں آئندہ چند روز میں الیکشن کمیشن میں باضابطہ طور پر جمع کروا دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا سے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا تھا۔ کل 11 نشستوں میں سے حکومت کو 6 جبکہ اپوزیشن اتحاد کو 5 نشستیں ملی تھیں۔ جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی نے 4 اور اپوزیشن نے 3 نشستیں حاصل کی تھیں، خواتین کی 2 نشستوں پر ایک پی ٹی آئی اور ایک پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی جبکہ ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر ایک پر پی ٹی آئی اور دوسری پر جمعیت علماء اسلام کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی قیادت کے مطابق آزاد امیدواروں کی شمولیت سے پارٹی کی سینیٹ میں نمائندگی مزید مستحکم ہوگی اور قانون سازی کے عمل میں پارٹی کا کردار مزید فعال ہو گا۔