اتوار,  27 جولائی 2025ء
نیشنل پریس کلب میں مفت آئی سرجیکل کیمپ، سینکڑوں صحافیوں اور اہل خانہ کا معائنہ، فیکو سرجریز بھی کی گئیں

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دو روزہ آئی سرجیکل کیمپ جاری

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی کے اشتراک سے نیشنل پریس کلب میں دو روزہ آئی سرجیکل کیمپ جاری ہے، جس میں این پی سی کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

کیمپ کے پہلے روز الشفاء ٹرسٹ کے ماہر آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹرز نے سینکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران مریضوں کو مفت ادویات، مفت چشمے، اور لیبارٹری ٹیسٹس کی سہولت فراہم کی گئی، جب کہ سفید موتیا کے مریضوں کے فیکو (لیزر) کے ذریعے آپریشن بھی کیے گئے۔

اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی نے کہا کہ آج کے مصروف دور میں ہر شخص کسی نہ کسی جسمانی بیماری کا شکار ہے، خاص طور پر آنکھوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ موبائل اور کمپیوٹر کا استعمال عام ہو چکا ہے۔ صحافی حضرات اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کی وجہ سے اپنی صحت پر توجہ نہیں دے پاتے، اسی لیے نیشنل پریس کلب نے اپنے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے اس آئی کیمپ کا انعقاد کیا تاکہ وہ بروقت معائنہ کروا سکیں اور ضروری علاج سے مستفید ہو سکیں۔

کیمپ اتوار کو بھی جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنی بینائی کا مؤثر علاج کروا سکیں۔

مزید خبریں