هفته,  26 جولائی 2025ء
برطانیہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر اور شوہر کو کورونا کے دوران ہسپتال کا سامان چوری کرنے پر جیل کی سزا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) سے منسلک پاکستانی نژاد ڈاکٹر عطیہ شیخ اور ان کے شوہر عمر شیخ کو کورونا وبا کے دوران ہسپتال سے طبی سامان چوری کر کے آن لائن فروخت کرنے کے جرم میں دس دس ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 46 سالہ ڈاکٹر عطیہ شیخ اور 48 سالہ عمر شیخ نے 2020 میں چوری شدہ دستانے، ماسک اور وائپس وغیرہ آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم eBay کے ذریعے فروخت کیے، جن سے وہ تقریباً 8 ہزار امریکی ڈالر کمانے میں کامیاب ہوئے۔

عدالت میں پیشی کے دوران جوڑے نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ عطیہ شیخ کے وکیل جان سکلیئن نے پیسلے شیرف کورٹ کو بتایا کہ ان کی مؤکلہ کو اپنے فعل پر افسوس ہے اور وہ عدالت سے نرمی کی طلبگار ہیں۔ تاہم، عدالت نے اس فعل کو نہایت سنگین قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔ مقدمے کی سماعت کے دوران شیرف سکھوندر گل نے کہا کہ ڈاکٹر نے ایسٹ کلبرائیڈ کے ہیئر مائر ہسپتال میں اپنے عہدے اور اعتماد کو اس وقت ٹھیس پہنچائی جب صحت کا نظام پہلے ہی دباؤ کا شکار تھا۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کے طیاروں نے برطانیہ ایئر ٹیٹو شو میں عالمی اعزاز جیت لیے

یہ کیس اس وقت منظرعام پر آیا جب NHS اسکاٹ لینڈ کے سپلائر “فینن” نے eBay پر اپنی مصنوعات فروخت ہوتے دیکھیں۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ یہ جوڑا چار مختلف eBay اکاؤنٹس کے ذریعے یہ اشیاء فروخت کر رہا تھا۔ بعد ازاں، گلاسگو کے نواحی علاقے تھورنلی بینک میں واقع ان کے فلیٹ پر چھاپے کے دوران ربڑ کے دستانوں کے 121 باکسز اور چہرے کے ماسک کا ایک باکس برآمد ہوا۔ عدالت نے ان شواہد کی بنیاد پر دونوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی، جسے ایک افسوسناک مثال قرار دیا جا رہا ہے کہ کس طرح کچھ افراد نے عالمی وبا جیسے نازک موقع پر عوامی وسائل کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

بشکریہ حنیف صابر

مزید خبریں