بدھ,  23 جولائی 2025ء
ایریگیشن سوسائٹی کوٹ لکھپت “سانپ سوسائٹی” بن گئی، مکینوں کی زندگیاں خطرے میں، انتظامیہ خاموش

لاہور ( روشن پاکستان نیوز) — لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں واقع ایریگیشن ہاؤسنگ سوسائٹی، جو کہ لاہور ریس کلب سے متصل ہے، سانپوں کی آماجگاہ بن چکی ہے۔ سوسائٹی کے رہائشیوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث سوسائٹی کے پارک جنگل کا منظر پیش کر رہے ہیں، جہاں زہریلے سانپوں کی بھرمار ہے۔

مکینوں کے مطابق، بارشوں کے بعد سانپ کھلے عام آبادی میں گھومتے دکھائی دیتے ہیں، جو نہ صرف گھروں میں داخل ہو جاتے ہیں بلکہ بچوں اور خواتین کے لیے خطرے کا باعث بن رہے ہیں۔ پارکوں کی صفائی نہ ہونے اور گھاس کی بہتات کے سبب یہ علاقے سانپوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں۔

رہائشیوں نے بتایا کہ ان کے بچے سڑکوں اور پارکوں میں کھیلنے پر مجبور ہیں، جہاں کسی بھی وقت سانپ کے کاٹنے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ اس صورت حال نے مکینوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔

مزید پڑھیں:لاہور میں بارش کے بعد سڑکیں زیرِ آب، پی پی پی رہنما سحر کامران کی تنقید

سوسائٹی کے باسیوں نے حکومت، سوسائٹی انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگل نما پارکوں کی صفائی کروائی جائے اور زہریلے سانپوں کو فوری طور پر قابو میں لایا جائے تاکہ وہ اپنی روزمرہ زندگی سکون سے گزار سکیں۔

مزید خبریں