پیر,  21 جولائی 2025ء
میرپور: کشمیری پولیس اہلکاروں کا مطالبات کے حق میں احتجاج، چارٹر آف ڈیمانڈ پیش

میر پور(روشن پاکستان نیوز) آزادکشمیر پولیس اہلکاروں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا اور ڈیوٹی سے انکار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس میرپور کے باہر جمع ہوکر مظاہرہ کیا اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔

پولیس اہلکاروں نے واضح کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا، اس موقع پر ایس پی میرپور راجہ عامر نوابی نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے، جن کے دوران پولیس اہلکاروں نے باقاعدہ طور پر 10 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ ان کے سپرد کیا۔

پولیس اہلکاروں کی جانب سے پیش کیے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 2022 کے بعد شہید ہونے والے ملازمین کو بھی مالی پیکیج میں شامل کیا جائے تاکہ ان کے اہل خانہ کو انصاف اور سہارا مل سکے۔ اسی طرح ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں کے میڈیکل الاؤنس کو 1500 روپے سے بڑھا کر فوجی اہلکاروں کے مساوی کیا جائے۔

اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ میں احتجاجی پولیس اہلکاروں نے مطالبہ کیا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کی اجازت دی جائے تاکہ وہ بہتر طریقے سے صحت یاب ہو سکیں۔

مزید پڑھیں:یوم قرارداد الحاق پاکستان پر جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی عظیم الشان ریلی، کشمیریوں کے پاکستان سے لازوال رشتے کا اعادہ

پولیس اہلکاروں نے مطالبہ کیا کہ تمام الاؤنسز اور پنشنز کو 2025 کی تنخواہوں کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے، تاکہ مہنگائی کے موجودہ دباؤ میں وہ مالی مشکلات کا شکار نہ ہوں۔ مجموعی طور پر اہلکاروں نے مراعات، تحفظات اور سروس اسٹرکچر میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی مزید سخت ہوگی، احتجاج میں شریک اہلکاروں کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنے جائز حقوق مانگ رہے ہیں، اور جب تک مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہوتا، ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

مزید خبریں