اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سردار حمزہ نے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کی، جس میں ملک بھر کے نوجوانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات رانا مشہود احمد خان کی دعوت پر ان کے دفتر میں ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو ملک کی خوشحالی کے لیے استعمال میں لانا چاہیے۔
سردار حمزہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ملک و قوم کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع، کھیلوں کی سہولیات اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لیے وہ بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔