اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تھانہ بکا خیل پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت اور بے مثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ “خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا منہ توڑ جواب دیا اور ان کے مذموم منصوبے ناکام بنا دیے۔ پولیس کی پوری ٹیم کو اس کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”
انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان پہلے بھی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے پسپا کرتے آئے ہیں، اور آج بھی انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ ہر چیلنج کا بہادری سے سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ نے پاکستان ایئر فورس کو رائل انٹرنیشنل ایئر شو 2025 میں دو عالمی ٹرافیاں جیتنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ پاک فضائیہ نے JF-17 تھنڈر اور C-130 ہرکولیس کی شرکت کے ذریعے “Spirit of the Meet” اور “Concours d’Élégance” جیسے باوقار اعزازات اپنے نام کیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ کامیابی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور جدید فضائی تیاری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ “پاک فضائیہ نے دنیا کو ایک بار پھر دکھا دیا کہ پاکستان کی فضائیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔”
مزید پڑھیں: پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے جو ضروری ہو گا وہ کریں گے، محسن نقوی
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں دشمن کے فضائی عزائم کو ناکام بنانے والی پاک فضائیہ نے عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
“یہ جیت صرف ایک فضائی مظاہرہ نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے: پاکستان ہر چیلنج، ہر افق کے لیے مکمل تیار ہے،” وزیرداخلہ نے اپنے بیان میں کہا۔ انہوں نے قوم کے شاہینوں، انجینیئروں اور قیادت کو سلام پیش کیا جنہوں نے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔