اتوار,  20 جولائی 2025ء
نامور فلم ڈائریکٹر شعیب سلطان کی جانب سے ڈاکٹر طارق عزیز کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

 

ریاض (وقار نسیم وامق) عالمی حلقہء فکروفن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر طارق عزیز کے اعزاز میں معروف فلم ڈائریکٹر شعیب سلطان کی جانب سے مقامی ریستوران میں الوداعی عشائیہ منعقد کیا گیا جس میں ادبی و سماجی حلقوں کی نمائندہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

عشائیہ تقریب کے شرکاء میں معروف شاعر و ادیب سید طیب رضا کاظمی، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز پی آئی اے ڈاکٹر اقدس افضل، صدر پیپلز پارٹی ریاض ریجن احسن عباسی اور صدر عالمی حلقہء فکروفن وقار نسیم وامق شامل تھے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سید طیب رضا کاظمی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ ڈاکٹر طارق عزیز نہ صرف ایک بہترین ادیب ہیں بلکہ علم و ادب کے ایسے مسافر ہیں جو ملکوں ملکوں فکر و فن کے چراغ روشن کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر اقدس افضل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ڈاکٹر طارق عزیز کی الوداعی تقریب کے ایسے فکری اجتماع کا حصہ بنا جہاں علم اور محبت، فکر و فن کی شکل میں موجود ہیں، ہمیں ایسے فکری و ادبی اجتماعات اور تقریبات کا زیادہ سے زیادہ انعقاد کرنا چاہئے۔

صدر پیپلز پارٹی ریاض ریجن احسن عباسی نے اپنے کلمات میں کہا کہ ڈاکٹر طارق عزیز نے ہماری کمیونٹی کے علمی شعور کو جس طرح مہمیز دی، وہ ناقابلِ فراموش ہے، اس ضمن میں ان کا کردار مثالی ہے۔

صدر عالمی حلقہء فکروفن وقار نسیم وامق نے ڈاکٹر طارق عزیز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فکروفن کو ان پر ناز ہے اور فکر و فن ان کے وژن کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کا عزم رکھتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر طارق عزیز نے کہا کہ فکروفن کا سفر محض ایک ادبی ذمہ داری نہ تھی بلکہ یہ میرے دل کی آواز تھی۔ اس حلقے نے مجھے ایسے رشتے دیے جن کا لمس ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔ انہوں نے میزبان شعیب سلطان اور شرکائے تقریب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تقریب کے میزبان شعیب سلطان نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ آج کی الوداعی تقریب ایک تخلیقی عہد کو خراجِ عقیدت ہے۔ ڈاکٹر طارق عزیز عالمی حلقہء فکر و فن کی وہ روشنی ہیں جن سے کئی اذہان منور ہوئے۔ شعیب سلطان نے شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی محافل ہمارے رشتوں کو معنویت دیتی ہیں اور یادوں کو جاوداں کرتی ہیں۔

مزید خبریں