جمعرات,  17 جولائی 2025ء
اسلام آباد پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت، تھانہ ترنول کے 3 اہلکار گرفتار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) – وفاقی دارالحکومت میں پولیس حراست کے دوران زیرِ تفتیش ملزم کی ہلاکت کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ ترنول کے تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، زیرِ تفتیش ملزم نعمان پولیس تشدد کے باعث جاں بحق ہوا۔ متوفی نے موت سے قبل اپنے بیان میں اے ایس آئی رانا محمد سلیم، کانسٹیبل ظہیر احمد اور کانسٹیبل ساجد محمود پر تشدد کا الزام عائد کیا، جس کے بعد ان کے خلاف ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں ایس ایچ او شوکت محمود اور محرر محمد آصف کو بھی واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ گرفتار اہلکار اس وقت پولیس حراست میں ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے انوسٹیگیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی سربراہی ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان خلیل کر رہے ہیں۔ ٹیم میں انسپکٹر ثروت فاطمہ درانی، انسپکٹر محمد وحید، اور سب انسپکٹر محمد شہزاد سرور شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی کارروائی، غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں 2 ملزمان گرفتار

انوسٹیگیشن ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر بروقت رپورٹ پیش کرے تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

مزید خبریں