بدھ,  16 جولائی 2025ء
پاکستان کرکٹ لیگ کا جدہ میں شاندار افتتاح، جاوید میانداد اور قونصل جنرل خالد مجید کی شرکت

جدہ(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے شارٹ کھیل کر جبکہ پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے باولنگ کرا کر ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

تقریب سے قبل تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے کے ساتھ تقریب کا آغاز ہوا، جس کی نظامت احسن نصیر نے کی۔ تقریب میں قونصل جنرل خالد مجید، پریس قونصل عرفان چوہدری، معروف سعودی بزنس ویمن اور میڈیا پرسن ڈاکٹر سمیرا عزیز، سماجی رہنما سردار نصر اقبال سمیت متعدد معزز مہمان اور اسپانسرز شریک ہوئے۔

افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے خالد مجید نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف کمیونٹی کے لیے مثبت رجحانات کو فروغ دیتی ہیں بلکہ نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرتی ہیں۔ اُنہوں نے جاوید میانداد کی شرکت کو لیگ کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

جاوید میانداد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایسی لیگز کا انعقاد نہایت اہم ہے۔ اُنہوں نے تجویز دی کہ آئندہ لیگز میں پاکستان سے کم از کم ایک کھلاڑی کو ضرور شامل کیا جائے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے۔

ڈاکٹر سمیرا عزیز نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی وژن 2030 کے تحت خواتین کی شرکت بھی قابلِ تحسین ہے، اور ٹورنامنٹ میں خواتین کا نمائشی میچ اس جانب ایک مثبت قدم ہے۔

افتتاحی نمائشی میچ میں پاکستان قونصل خانہ جدہ کی ٹیم نے “پاکستان جرنلسٹ الیون” کو شکست دے دی۔ جرنلسٹ الیون کے کپتان جہانگیر خان نے قونصل خانے کی ٹیم کو شاندار کھیل پر مبارکباد دی اور جلد چیلنج میچ کا اعلان کیا۔

آخر میں ٹورنامنٹ کے آرگنائزر ریحییٰ اشفاق نے اسپانسرز، قونصل جنرل، پریس قونصل اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد جاری رکھیں گے تاکہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے۔

مزید خبریں