اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کائنات کے سربستہ رازوں میں ہمیشہ سے انسان کی دلچسپی رہی ہے، خاص طور پر جب بات آسمان سے آنے والے شہابیوں یا دوسرے سیاروں سے زمین پر پہنچنے والے نمونوں کی ہو۔ نیویارک میں ہونے والی ایک غیرمعمولی نیلامی نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے، جہاں مریخ سے آیا ہوا سب سے بڑا شہابیہ نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
نیویارک کے معروف نیلام گھر’سوتھبیز’ نے اس انوکھے اور قیمتی شہ پارے کی نیلامی کا اعلان کیا ہے جو صرف ایک پتھر نہیں بلکہ زمین پر موجود مریخ کا سب سے بڑا ٹکڑا ہے۔ یہ شہابیہ ناصرف سائز میں بے مثال ہے بلکہ قیمت بھی ہوش اڑا دینے والی ہے، اندازاً 20 لاکھ سے 40 لاکھ امریکی ڈالر!
یہ شہابیہ جسے ’NWA 16788‘ کہا جاتا ہے، دراصل ایک ایسا پتھر ہے جو کسی عظیم شہابیے کے مریخ سے ٹکرانے کے نتیجے میں خلا میں اچھلا اور تقریباً 14 کروڑ میل کا فاصلہ طے کر کے زمین پر آ گرا۔ اسے نومبر 2023 میں نائیجر کے صحراؤں سے ایک ماہر شہابیہ تلاش کرنے والے نے دریافت کیا۔
اس شہابیے کا وزن تقریباً 25 کلوگرام (54 پاؤنڈ) ہے، اور یہ مریخ سے زمین پر موجود تمام پتھروں میں سے سب سے بڑا ہے۔ سوتھبیز کے مطابق، اس کا حجم تقریباً 70 فیصد زیادہ ہے اس ٹکڑے سے جو پہلے سب سے بڑا سمجھا جاتا تھا، اور یہ مریخی مواد کا تقریباً 7 فیصد بنتا ہے جو فی الحال زمین پر موجود ہے۔
سوتھبیز کی وائس چیئر پرسن برائے نیچرل ہسٹری، کیساندرا ہیٹن کے مطابق، اس پتھر کے ایک چھوٹے سے حصے کو لیبارٹری بھیجا گیا جہاں اس کی سائنسی جانچ سے تصدیق ہوئی کہ یہ مریخ ہی کا پتھر ہے۔ اس کی کیمیائی ساخت کو 1976 میں مریخ پر اترنے والے وائکنگ مشن سے حاصل کردہ معلومات سے موازنہ کر کے جانچا گیا۔
یہ شہابیہ ایک خاص قسم کی چٹان ’اولیون مائکروگابرواِک شیرگوٹائٹ‘ سے تعلق رکھتا ہے جو مریخی میگما کے آہستہ ٹھنڈا ہونے سے وجود میں آئی۔ اس میں ’پائروکسین اور اولیوین‘ جیسے اہم معدنیات پائے جاتے ہیں اور اس کی سطح شیشے جیسی چمکدار ہے جو فضا سے گزرتے وقت جلنے کی علامت ہے۔
مزید پڑھیں: خواجہ آصف کی نہر میں چھلانگ کی ویڈیو وائرل، عوام کے دلچسپ تبصرے
دنیا بھر میں اب تک تقریباً 77,000 شہابیوں کی باقاعدہ شناخت ہوچکی ہے، جن میں سے صرف 400 کا تعلق مریخ سے ہے۔ اس لحاظ سے یہ شہابیہ نہایت نایاب اور سائنسی لحاظ سے قیمتی سمجھا جاتا ہے۔
یہ شہابیہ نیویارک میں 2025 کی ’گیِک وِیک‘ نیلامی کا حصہ ہوگا، جس میں 122 دیگر قدرتی عجائبات بھی شامل ہیں۔ ان میں ایک’ سیراٹوسورس ناسیکورنِس’ نسل کا ڈائناسور کا ڈھانچہ بھی موجود ہے جس کی لمبائی تقریباً 11 فٹ اور اونچائی 6 فٹ ہے۔ اس کی نیلامی کی قیمت کا اندازہ 40 لاکھ سے 60 لاکھ امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔