پیر,  14 جولائی 2025ء
اسلام آباد میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی، انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) — وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس اہلکار کی طرف سے فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان حسن رضا شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کا یہ واقعہ تھانہ آبپارہ کی حدود سیکٹر جی سیون تھری تھری میں پیش آیا، جہاں وردی میں ملبوس پولیس اہلکار علی سعد گجر نے سروس روڈ پر گھات لگا کر فائرنگ کی۔

زخمی نوجوان حسن رضا کو فوری طور پر پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔ حسن رضا کے مطابق، واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے جو عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل ایک معمولی تلخ کلامی سے شروع ہوئی۔ اس کے مطابق، پولیس اہلکار علی سعد گجر نے ایک بیل کے معاملے پر ہونے والی معمولی بحث کو انا کا مسئلہ بنا لیا اور مسلسل اسے اور اس کے اہل خانہ کو ہراساں کرتا رہا۔

متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ 11 جولائی کی شام 5:30 بجے کے قریب جب وہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا تو ملزم نے گھات لگا کر اس پر تین سے چار گولیاں چلائیں، جن میں سے ایک گولی اس کی ٹانگ پر لگی۔ زخمی ہونے کے باوجود حسن رضا کو انصاف نہیں مل سکا کیونکہ فائرنگ کرنے والا پولیس اہلکار تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہے۔

حسن رضا نے تھانہ آبپارہ میں واقعے کی تحریری درخواست جمع کرائی ہے اور اعلیٰ حکام، جن میں آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی سٹی شامل ہیں، سے اپیل کی ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے، ملازمت سے برطرف کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

شہری حلقوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات پولیس کے ادارے کی ساکھ کو مجروح کرتے ہیں اور شہریوں کے لیے عدم تحفظ کا باعث بنتے ہیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر اسلام آباد پولیس کلچر پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔

مزید خبریں