اتوار,  13 جولائی 2025ء
بھکر: جعلی ایس پی گرفتار، پولیس کا بروقت ایکشن

بھکر (روشن پاکستان نیوز) تھانہ سرائے مہاجر پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس افسر ظاہر کرنے والے جعلی ایس پی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم عوام کو دھوکہ دے کر لوٹنے میں مصروف تھا۔

تفصیلات کے مطابق، ایس ڈی پی او صدر سرکل منصور علی خان کی زیر نگرانی، ایس ایچ او اکرام اللہ خان اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کی اور ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایس پی کی وردی، رینک اسٹارز اور افسرانہ چھڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔

ایس پی بھکر شوکت علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم مختلف علاقوں میں خود کو اعلیٰ رینک کا پولیس افسر ظاہر کر کے معصوم شہریوں کو جھانسہ دیتا رہا اور ان سے مالی فوائد حاصل کرتا رہا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ایس پی شوکت علی کا کہنا تھا کہ:

“ایسے عناصر جو قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تھانہ سرائے مہاجر کی ٹیم نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو ایک بڑے فراڈیے سے نجات دلائی ہے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔”

پولیس کے مطابق، تحقیقات کے دوران مزید انکشافات کی توقع ہے، اور یہ بھی ممکن ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھی بھی جلد قانون کی گرفت میں آ جائیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں، منشیات، چوری، اشتہاریوں کی گرفتاری اور سیکیورٹی اقدامات میں نمایاں پیش رفت

مزید خبریں