هفته,  12 جولائی 2025ء
اسلام آباد میں راول ڈیم کے قریب بچوں کا گہرے پانی میں نہانا جاری، انتظامیہ خاموش تماشائی

اسلام آباد (منصور ظفر) – ملک بھر میں جاری بارشوں کے پیش نظر مختلف شہروں میں ندی نالوں اور ڈیموں پر نہانے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے، تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس پابندی پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔

تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں واقع پارک روڈ کے قریب راول ڈیم کے سپیل وے کے نیچے سے پانی گزر رہا ہے، جہاں درجنوں بچے گہرے پانی میں نہاتے اور ڈبکیاں لگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ حیران کن طور پر نہ تو موقع پر پولیس موجود ہے اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کا کوئی نمائندہ نظر آتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس نفری کی عدم موجودگی انتظامی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چند روز قبل بھی تھانہ شہزاد ٹاؤن اور کورال کی حدود میں نہاتے ہوئے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود کوئی حفاظتی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

عینی شاہدین کے مطابق یہاں ہر عمر کے لوگ، خصوصاً بچے، گہرے پانی میں موجود ہوتے ہیں، جو کسی بھی وقت خطرناک حادثے کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے محض دفعہ 144 کا اعلان کر دینا کافی نہیں، عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر راول ڈیم کے اطراف میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں، پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے، اور والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ ہر سال مون سون کے دوران ندی نالوں میں نہانے کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، اور سانحے کے بعد ہی متعلقہ ادارے حرکت میں آتے ہیں۔ وقت ہے کہ پہلے سے حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب ممکن ہو۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں: قتل، منشیات، اشتہاریوں کی گرفتاری اور سیکیورٹی اقدامات میں نمایاں پیش رفت

مزید خبریں