جدہ (روشن پاکستان نیوز) – پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے سعودی عرب کے شہر جدہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق اور قونصل جنرل خالد مجید سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی، کرکٹ کے عالمی منظرنامے اور سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاوید میانداد نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو کرکٹ کے میدان میں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ 10 جولائی سے سعودی عرب میں پاکستان کرکٹ لیگ کا آغاز ہو رہا ہے، جس کی سرپرستی کے لیے وہ سعودی عرب آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کو پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں بلکہ قومی کھیل کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے آخر میں جاوید میانداد نے پاکستان کرکٹ لیگ کی آفیشل شرٹس پاکستانی سفیر، قونصل جنرل اور دیگر مہمانوں میں تقسیم کیں اور امید ظاہر کی کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کی کوششیں جاری رہیں گی۔