هفته,  05 جولائی 2025ء
پنجاب پولیس کا جعلی صحافیوں اور سوشل میڈیا اینکرز کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن

لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب پولیس نے جعلی صحافیوں اور سوشل میڈیا اینکرز کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کارروائی کا مقصد ان عناصر کو بے نقاب کرنا ہے جو بغیر کسی مستند ادارے کے نام پر صحافت کے شعبے کو بدنام کر رہے ہیں، اور جعلی پریس کارڈز یا اتھارٹی لیٹرز کے ذریعے خود کو صحافی ظاہر کر کے عوام اور اداروں کو گمراہ کرتے ہیں۔

پولیس حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود صحافیوں کے پریس کارڈ، اتھارٹی لیٹر اور متعلقہ اداروں کی رجسٹریشن کی تفصیلات کی جانچ کریں۔ اگر کوئی فرد کسی ایسے چینل یا اخبار سے وابستہ پایا جائے جو رجسٹرڈ نہ ہو، یا جس کا وجود صرف کاغذی ہو، تو اس کے خلاف دفعہ 468 (جعلسازی)، 471 (جعلی دستاویز کو اصلی ظاہر کرنا)، اور 459 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پنجاب پولیس نے تمام تھانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے دائرہ کار میں کام کرنے والے صحافیوں کا ڈیٹا مرتب کریں، ان کی رجسٹریشن، پریس کارڈ، اور اتھارٹی لیٹر کی کاپیاں تھانے میں جمع کروائی جائیں تاکہ تصدیق کی جا سکے کہ وہ کسی تسلیم شدہ ادارے سے وابستہ ہیں یا نہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف جعلی صحافیوں کی نشاندہی ممکن ہوگی بلکہ صحافتی برادری کا اعتماد بھی بحال ہوگا جو اس وقت سوشل میڈیا پر سرگرم جعلی اینکرز اور رپورٹرز کی وجہ سے متاثر ہو رہا ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق، یہ مہم صحافت کے مقدس پیشے کو بچانے اور عوام کو گمراہ کن معلومات سے محفوظ رکھنے کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے۔ جعلی صحافی مختلف جگہوں پر بلیک میلنگ، غیر قانونی فوائد حاصل کرنے اور ذاتی مفادات کے لیے قانون کا غلط استعمال کر رہے ہیں، جس سے نہ صرف صحافی برادری کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی متزلزل ہو رہا ہے۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم شفاف انداز میں چلائی جائے گی، اور اصل صحافیوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ صرف وہی افراد کارروائی کی زد میں آئیں گے جو بغیر کسی رجسٹرڈ ادارے کے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر صحافت کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں۔ پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

مزید پڑھیں: نیشنل ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد، عوامی سطح پر شدید تشویش

یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا ہے جب ملک بھر میں جعلی صحافیوں اور سوشل میڈیا پر خودساختہ رپورٹرز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ان میں سے اکثر افراد بغیر کسی تربیت یا صحافتی اخلاقیات کے ایسے مواد پھیلا رہے ہیں جو معاشرتی انتشار کا باعث بن رہا ہے۔ پنجاب پولیس کی اس مہم کو صحافتی حلقوں نے بھی سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے پیشے کی توقیر بحال ہوگی۔

مزید خبریں