هفته,  05 جولائی 2025ء
اسلام آباد: کھنہ پل سے کوٹلی ستیاں جانے والی ٹرانسپورٹ سے مبینہ ماہانہ بھتہ خوری کا انکشاف، ادارے خاموش

اسلام آباد(منصور ظفر) اسلام آباد کے علاقے کھنہ پل سے کوٹلی ستیاں، کشمیر اور دیگر علاقوں کو جانے والی ٹرانسپورٹ پر ماہانہ بھتہ خوری کا سنگین انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہر گاڑی سے روزانہ بنیادوں پر بھتہ وصول کیا جا رہا ہے، جس کا مجموعی تخمینہ ماہانہ 18 لاکھ 70 ہزار روپے تک پہنچتا ہے۔

مبینہ طور پر اس غیر قانونی بھتہ خوری میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکاروں کو بھی حصہ پہنچایا جا رہا ہے، جو اس پورے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ ٹرانسپورٹرز اور مقامی ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ سارا عمل ایک منظم طریقے سے جاری ہے اور اگر کوئی گاڑی مالکان یا ڈرائیورز رقم دینے سے انکار کریں تو انہیں مختلف بہانوں سے روکا جاتا ہے، جرمانے کیے جاتے ہیں یا گاڑی بند کر دی جاتی ہے۔

اس صورت حال پر مقامی ٹرانسپورٹرز اور سول سوسائٹی نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف سیکریٹری پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: 20 بچوں کی ہلاکت، مریم نواز کے حکم پر ایم ایس اور سی ای او ہیلتھ پاکپتن گرفتار

اہم بات یہ ہے کہ یہ سارا عمل کھلے عام ہو رہا ہے، لیکن متعلقہ ادارے تاحال خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جس سے شبہ ہوتا ہے کہ یہ سب کچھ مبینہ ملی بھگت کے تحت جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہوگا۔

مزید خبریں