جمعه,  04 جولائی 2025ء
فیڈرل بورڈ کی انقلابی اصلاحات: حافظ محمد بشارت کی قیادت میں طلبہ کے لیے 500 ملین کا اسٹوڈنٹ فنڈ، فیسوں میں 3 سالہ استثنا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) کے بورڈ آف گورنرز کے حالیہ اجلاس میں تعلیمی میدان میں اہم اور انقلابی فیصلے کیے گئے ہیں، جن کا سہرا نو منتخب ممبر بورڈ حافظ محمد بشارت کی وژنری قیادت اور بامعنی تجاویز کو دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں سب سے نمایاں پیش رفت 500 ملین روپے کے اسٹوڈنٹس فنڈ کی منظوری ہے، جو نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے مستحق طلبہ کی فیس معافی، سہولیات میں بہتری اور دیگر فلاحی منصوبوں پر صرف ہوگا۔

حافظ محمد بشارت کو نہ صرف اس فنڈ کی نگرانی کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی میں کلیدی کردار سونپا گیا ہے بلکہ انہیں فیڈرل بورڈ میں انتخابی شفافیت کے لیے قائم کی گئی ای ووٹنگ سسٹم کی بہتری کی کمیٹی کا بھی رکن مقرر کیا گیا ہے، جس کی سربراہی چیئرمین فیڈرل بورڈ خود کر رہے ہیں۔ دونوں کمیٹیوں میں ان کی شمولیت، ان پر بورڈ کے اعتماد اور ان کی قابلیت کا مظہر ہے۔

طلبہ اور والدین کے لیے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ حافظ بشارت کی تجویز پر متفق ہو کر بورڈ نے اگلے تین سالوں تک امتحانی فیسوں میں کسی بھی قسم کے اضافے سے گریز کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ غریب اور مستحق طلبہ کے لیے فیس معافی کا راستہ مزید ہموار ہوگا۔

واضح رہے کہ اجلاس میں شریک سیکرٹری تعلیم ارشد محمود اپنی مدت ملازمت مکمل کر چکے ہیں اور ان کے بعد نئے سیکرٹری کی تعیناتی آئندہ ہفتے متوقع ہے، جس کا اعلان وفاقی وزارت تعلیم کرے گی۔

ماہرین تعلیم اور والدین نے حافظ محمد بشارت کی جانب سے کی گئی تجاویز کو نہ صرف سراہا ہے بلکہ امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں فیڈرل بورڈ تعلیم، شفافیت، سہولت اور انصاف کے میدان میں نئی مثالیں قائم کرے گا۔ وعدوں سے تکمیل تک کا یہ سفر تعلیمی ترقی کی نئی راہیں کھول رہا ہے، جو آنے والے وقت میں ہزاروں طلبہ کی زندگی بدلنے کا سبب بن سکتا ہے۔

مزید خبریں