جمعه,  01  اگست 2025ء
راولپنڈی پولیس کی مختلف مقدمات میں مؤثر کارروائیاں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی راول ڈویژن محمد حسیب راجہ اور ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، جن میں قتل، منشیات، ناجائز اسلحہ، جواء، چوری اور نقب زنی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری شامل ہے۔

قتل کیس میں اشتہاری گرفتار

تھانہ وارث خان پولیس نے سابقہ رنجش پر شہری کو قتل کرنے والے اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ کا مقدمہ دسمبر 2023 میں درج ہوا تھا اور اس سے قبل ملزم کے دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب کارروائی کی۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ کے مطابق ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔

چوری اور نقب زنی میں ملوث ملزم گرفتار

رتہ امرال پولیس نے چوری و نقب زنی کے مقدمات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مسروقہ سامان کی فروخت سے حاصل شدہ رقم 25 ہزار روپے برآمد کی۔ ملزم کو عدالت میں ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔

تاش پر جواء کھیلنے والے 07 افراد گرفتار

پیرودھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تاش پر جواء کھیلنے والے 07 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے 41 ہزار روپے نقدی، 6 موبائل فونز اور تاش کے پتے برآمد ہوئے۔

منشیات کے خلاف کارروائیاں، 07 ملزمان گرفتار

تھانہ صدر واہ، کہوٹہ، واہ کینٹ، وارث خان اور صدر بیرونی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 07 افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 01 کلو 300 گرام چرس اور 43 لیٹر شراب برآمد کی۔ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور کارروائیاں جاری ہیں۔

ناجائز اسلحہ برآمد، 04 افراد گرفتار

چکلالہ، جاتلی اور کلر سیداں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 04 افراد کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق ایسے افراد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی کریک ڈاؤن مہم، غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمد، ملزمان گرفتار

افسران کی کارکردگی کو سراہا گیا

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے زیادتی معہ قتل کے مقدمہ میں ملزمان کو سزا دلوانے والے انسپکٹر تنویر اشرف کو تعریفی لیٹر اور نقد انعام سے نوازا۔ ریٹائر ہونے والے انسپکٹر تہذیب الحسنین کو بھی تعریفی لیٹر دیا گیا۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے۔

محرم الحرام کے انتظامات پر اہم میٹنگ

ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کی زیر صدارت دفتر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں سرکل کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ڈی ایف سیز نے شرکت کی۔ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سنگین مقدمات کے ملزمان کی جلد گرفتاری، مقدمات کی چالان ریشو بڑھانے اور منشیات کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے پر زور دیا گیا۔

مزید خبریں