راولپنڈی پولیس کی عید پر سیکیورٹی، جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں اور فائرنگ واقعے پر فوری ایکشن

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی میں عید الاضحٰی کی نماز پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز کی جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، ڈویژنل ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ نماز کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی، مسلم امہ اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ بعد ازاں، افسران نے پولیس اہلکاروں سے عید ملائی اور کانسٹیبل الطاف حسین شہید میس میں افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ کھانا کھایا۔

عید کے موقع پر شہر بھر میں 2700 پولیس افسران تعینات کیے گئے۔ 604 مساجد، 62 کھلے مقامات اور 72 امام بارگاہوں پر سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ آر پی او اور سی پی او نے راولپنڈی پولیس کو بہترین سکیورٹی اقدامات پر شاباش دی۔

دوسری جانب، جاتلی کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے پر سی پی او خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا۔ پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے اور واقعہ سابقہ دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

اسی واقعے کے حوالے سے ایس ایس پی انویسٹیگیشن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، شواہد اکٹھے کیے اور مقتولین کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: حافظ آباد: مانگٹ اونچا گینگ ریپ کیس کا تیسرا ملزم بھی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، چوتھا تاحال مفرور

علاوہ ازیں، صدر بیرونی پولیس نے لڑکی سے زیادتی اور ویڈیو کے ذریعے بلیک میلنگ کے مقدمہ میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ دوسرا ملزم تاحال فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

اسی طرح، کہوٹہ پولیس نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان نے سابقہ رنجش پر فائرنگ کر کے شہری کو قتل کیا تھا۔ مقدمہ دسمبر 2024 میں درج کیا گیا تھا۔

مزید کارروائیوں میں راولپنڈی پولیس نے منشیات، شراب اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے سات افراد کو گرفتار کیا۔ مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں آئس، چرس، شراب اور ایمونیشن برآمد کیے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق منشیات اور ناجائز اسلحے کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں