فلم آپریشن سیندور شاندار افتتاح
فلم آپریشن سیندور شاندار افتتاح

پاکستان اور بھارت کے بیچ ہونے والی جنگ میں جو صرف تین دن لڑی گئی پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ کر اپنے وقار میں بے حد اضافہ کیا لیکن دوسری طرف بھارت کو بھی آج نہ سہی مستقبل قریب میں اس جنگ سے بہت معاشی فائدے پہنچیں گے ۔
یہ بات ہم سب جانتے ہیں کہ بھارت کی فلم انڈسٹری بہت بڑی ہے اور وہاں جو فلم ہٹ ہوتی ہے تو وہ پانچ سو ، آٹھ سو اور ہزار کروڑ تک کا بزنس چند ہفتوں میں کر لیتی ہے لہذا اب ایک بار پھر بھارتی فلم انڈسٹری کو فلمیں بنانے کا مصالحہ آپریشن سیندور نے مہیا کر دیا ہے ۔
یہ بات بھی سب کو معلوم ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری تاریخ کو مسخ کرنے میں جواب نہیں رکھتی اور وہاں تاریخ کو مسخ کرنے کے حوالے سے ایسی فلمیں بنتی ہیں کہ انسان کا سر پیٹنے کو جی چاہتا ہے مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کے لوگ اسقدر متعصب یا تاریخ سے نا آشنا ہیں کہ یہی فلمیں بھارت میں کروڑوں کا بزنس کرتی ہیں اور بھارت کے لوگ شاید یہ سمجھتے ہیں کہ ان فلموں میں جو کچھ دکھایا گیا ہے تاریخی حقیقت یہی ہے ۔شاید اسی کے بارے میں مرزا غالب کے ایک شعر کا مشہور مصرعہ ہے کہ ” دل کے خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے ”
بعض تاریخی حقیقتیں کچھ اس طرح کی ہیں کہ انہیں جھٹلانا اپنے آپ کو پاگل ثابت کرنا ہوتا ہے اس کو انگریزی زبان میں یونیورسل ٹروتھ کہا جاتا ہے جیسے کہ زمین گول ہے جس سے انکار پاگل پن کی نشانی کہلائی جا سکتی ہے ۔
مسلمانوں نے ہندوستان پر سینکڑوں سال تک حکمرانی کی یہ ایک حقیقت ہے جس سے انکار ممکن نہیں ہے ۔محمود غزنوی نے ہندوستان پر سترہ حملے کیے اور ان میں فاتح رہا ۔یہ حملے لوٹ مار کے لیے تھے یا کسی اور مقصد کے لیے اس پر دو رائے ہو سکتی ہے لیکن غزنوی کی فتوحات کی حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے ۔ پٹھانوں ،ترکوں ، مغلوں اور انگریزوں نے ہندوستان پر حکومت کی یہ بھی ایک ناقابل تردید حقیقت ہے لیکن بالی وڈ اپنی فلموں میں اس قسم کی حقیقتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہے اور بھارت کے لوگ اس پر اتنے خوش ہوتے ہیں کہ یہ جھوٹ پر مبنی فلمیں کروڑوں کا بزنس کر لیتی ہیں ۔
علاؤ الدین خلجی ہندوستان کا ایک عظیم الشان بادشاہ گزرا ہے جس کی طاقت اور ہیبت سے سارے ہندو واقف ہیں لیکن بالی وڈ نے اس پر ایک فلم بنائی جس میں اسکا کردار ایک مسخرے سے کم نہیں تھا اور فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ہندو راجپوتوں نے علاؤالدین خلجی کو ناکوں چنے چبوائے ہیں ۔اس فلم نے آٹھ سو کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے ۔
اسی طرح پشتون احمد شاہ ابدالی درانی نے پانی پت کی آخری لڑائی میں مرہٹوں کی کمر توڑ کر رکھ دی تھی اس کے بارے میں بالی وڈ میں بننے والی ایک فلم میں اسے ایک وحشی کے روپ میں دکھایا گیا ہے اور فلم میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ احمد شاہ درانی کو اپنی بہادری سے نہیں بلکہ مرہٹوں کی آپس کی نا اتفاقی سے فتح حاصل ہوئی ہے ۔اس فلم نے بھی کروڑوں کا بزنس کیا ہے ۔
سینکڑوں سال پرانی تاریخ کو چھوڑیں چھ سال قبل جب پاکستان نے بھارت کے ایک جنگی طیارے کو آزاد کشمیر کے حدود میں گرا کر اسکے پائیلٹ ابھی نندن کو ذندہ گرفتار کیا جس پر بھارت کی بہت سبکی ہوئی اس واقعے پر بالی وڈ نے ایک فلم بنائی جس میں ابھی نندن کو ہیرو بنا کر پیش کیا گیا اس فلم نے بھی کروڑوں کا بزنس کیا ہے ۔ شاید بہت جلد بھارتی فلم انڈسٹری ایسی فلم بنائے گا جس میں دکھایا جائے گا کہ مرہٹوں نے افغانوں کو ذبردست شکست دیتے ہوئے افغانستان پر قبضہ کرکے وہاں ہندوتوا کے پھریرے لہرائے اور بھارت کی بیوقوف عوام اس فلم کو دیوانہ وار دیکھتے ہوئے کروڑوں کا بزنس کروائے گی ۔
تو اب تیار ہو جائیے بھارت کی نئی فلموں کے لیے جس میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح بھارت نے آپریشن سیندور میں پاکستانی شہروں کو تباہ کیا اور رافیل طیاروں نے پاکستان ائیر فورس کے طیاروں کو اڑا کر رکھ دیا ۔
اور یہ بھی یاد رکھیں کہ یہ فلمیں بھی کروڑوں کا بزنس کر کے بالی وڈ کی فلم انڈسٹری کی ترقی کا باعث بنیں گی ۔ پشتو میں کہا جاتا ہے کہ جھوٹ کسی کے باپ کا تو نہیں بولو اور دب کے بولو ۔

داؤد درانی

مزید خبریں