اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے،مسلح افواج نے عوام سے کیا وعدہ پورا کردیا۔
پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی کے سینئر آفیسرز کے ہمراہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کیخلاف بنیان مرصوص آپریشن کیا،ہماری تمام ہمدردی شہدا کے خاندانوں کیساتھ ہیں۔
بھارت نے پاکستان میں جارحیت کرکے معصوم شہریوں کاخون بہایا،بھارتی حملوں میں زخمی ہونے والوں کے لیے دعا گو ہیں۔
اللہ تعالیٰ کاشکرادا کرتے ہیں جس نے کامیابی سے ہمکنار کیا،پاکستان کے نوجوانوں نے فرنٹ لائن سولجر کاکردار ادا کیا،افواج پاکستان وزیراعظم اور وزرا کی مشکور ہیں جنہوں نے فیصلے کیے۔
پاکستان میڈیا بنیان مرصوص کی طرح بھارتی میڈیا کے سامنے ڈٹارہا،پاکستان نے 2مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سورت گڑھ،سرسہ،آدم پور ،اونتی پورہ ،ادھم پور اور پٹھان کوٹ میں اہداف کو نشانہ بنایا،اڑی نیٹ ورکس اسٹیشن اور پونچھ ریڈار کو نشانہ بنایا۔
کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو آزادکشمیر میں معصوم شہریوں پر حملہ کررہے تھے،پاکستا ن نے تمام حملے انتہائی مہارت سے کیےتاکہ سویلین کو نقصان نہ پہنچے۔
پاکستان کابھارت کو جواب تاریخی اور بروقت رہا ہے،پاکستان نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں 26مقامات کو نشانہ بنایا،بھارت کے کیخلاف جوابی کارروائی میں فتح گائیڈ 1 اور 2 استعمال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی،ہمارے پاس بے شمار ٹیکنالوجی کی صلاحیتیں موجود ہیں جو مستقبل میں استعمال کی جاسکتی ہیں۔
اگر ہماری سلامتی اور خودمختاری پر کوئی آنچ آئی تو بھر پور جواب دیا جائے گا،بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث ہے۔
پاکستان نےبھارت پر بھرپور سائبر حملے بھی کیے،پاکستان کے پاس جدید جنگی صلاحیتیں موجود ہیں، جن کامحدود استعمال کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ نے مومنوں کو حکم دیا ہےکہ جب ظلم ہو تو جوا ب دیں،کوئی شک میں نہ رہے ہماری خودمختاری پر حملہ کیا گیا تو بھرپورجواب دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوجی افسران نے ڈھکے چھپے الفاظ میں رافیل کی تباہی کا اعتراف کرلیا
افواج پاکستان قوم کو اس کے حوصلے، عزم اور حب الوطنی پر سلام پیش کرتی ہیں،بھارت کیخلاف آپریشن میں تینوں مسلح افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی تھی۔مادر وطن کے دفاع کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے بھی مشکور ہیں۔
بھارت میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستان پرحملے ہوئے،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے ملٹری کمانڈ ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا،براہموس میزائلوں کے ذخیرے کو نشانہ بنایا۔
بھارت میں فوجی تنصیبات اور دہشتگردی کےتربیتی مراکز کو کامیابی سے تباہ کیا،ہم نے قوم سے کہا تھا کہ ہمارے جواب کاوقت،مقام اور طریقہ ہم خود طے کریں گے۔
اس موقع پر وائس ایڈمرل ربنواز نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہم بحری لحاظ سے دفاع پاکستان میں کامیاب ہوئے،ہم سمندر کے سائیڈ سے کسی بھی جارحیت کے لیے تیار تھے۔
ہم مسلسل 24گھنٹے سے سمندری حدود کی نگرانی کررہے تھے،6اور7مئی کو جب بھارت نے حملہ کیا تو ہم مکمل تیار تھے،تجارتی بحری جہازوں کی بحفاظت آمدورفت کو یقینی بنایا،پاکستان نیوی کی تیاری دیکھ کردشمن کی آگے بڑھنے کی ہمت نہ ہوئی۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا کہ ہماری کامیابی کی اصل وجہ ایئر چیف کی ذہانت ہے،بھارت نے ڈرونز اور بغیرپائلٹ طیارے پاکستان بھیجے،پاکستان نے تمام ڈرونز اور بغیر پائلٹ طیاروں کا بروقت پتہ لگایا۔
بھارت نے ڈورنز سے شہری آباد ی کو نشانہ بنایا،بھارت جارحیت پر اس کے طیارے مار گرائے،پاکستان ایئر فورس بمقابلہ بھارت فضائیہ اسکور0-6 رہا۔
پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے میں 6صفر سے کامیابی ملی۔