اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان مینارٹی فورم (پی ایم ایف) کی 12 سالگرہ کے موقع پر کلاس پنجم اور ہشتم میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے لیے تقسیم انعامات کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پی ایم ایف کے چیئرمین چوہدری اشرف فرزند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “کسی بھی قوم کی ترقی کا راز حصول علم اور جہد مسلسل میں ہے۔” انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی کمیونٹی نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آج بھی دفاعی اور سول اداروں میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
چوہدری اشرف فرزند نے ان نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “آپ اس مسیحی قوم کا فخر ہیں اور مستقبل کے معمار ہیں۔ آپ اپنی تعلیم کو جاری رکھیں، اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور ملک و قوم کی ترقی کا باعث بنیں۔”
اس موقع پر فاطیمہ چرچ اسلام کے انچارج فارد سلویسٹر جوزف نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ “ہم نے قومی سطح پر مقابلے کے امتحانات میں شامل ہونے کے لیے تیاری کے پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ مسیحی نوجوان اس امتحان میں کامیاب ہو کر ملک و قوم کی خدمت کریں۔”
نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے ممبر اقلیتی منظور مسیح نے پی ایم ایف کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “انہوں نے تعلیم کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ تقریب منعقد کی۔” انہوں نے مزید کہا کہ بطور اقلیتی ممبر، انہوں نے صوبائی حکومتوں کو خطوط بھیجے ہیں تاکہ مڈل کلاس تک سلیبس میں مسیحی ہیروز کو بھی شامل کیا جائے، تاکہ مسلم نوجوان نسل یہ جان سکے کہ مسیحیوں نے اس ملک کے دفاع، صحت اور تعلیم جیسے شعبوں میں اپنی خدمات فراہم کی ہیں۔
تقریب میں پی ایم ایف کے پیٹرن انچیف چوہدری رشید فرزند، آصف جان جنرل سیکرٹری، اور دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر پی ایم ایف کی بارہویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔