اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – پاکستان پیپلز پارٹی کی ممتاز رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ میڈیا کسی بھی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جو نہ صرف قوم کی ترقی و خوشحالی کو ممکن بناتا ہے بلکہ جھوٹی خبروں اور غلط معلومات کے خلاف پہلی دفاعی لائن کے طور پر کام کرتا ہے۔
وہ اسلام آباد پریس کلب میں ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، جس کا اہتمام پاکستان کونسل برائے انسانی حقوق (PCHR)، میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی (MMFD)، اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اس موقع پر صحافیوں کے تحفظ کے لیے “جرنلسٹ الرٹ ایپ” کا بھی باقاعدہ اجرا کیا گیا۔
سحر کامران نے پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے ہمیشہ قومی بیانیے کو فروغ دینے اور بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایک آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کو جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو صحافیوں کی سلامتی اور آزادی کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کرنے چاہییں تاکہ وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
مزید پڑھیں: یوم آزادی صحافت: سحر کامران کا اظہارِ خیال، خواتین صحافیوں کے تحفظ اور مساوی حقوق کا مطالبہ