منگل,  29 اپریل 2025ء
پہلگام سے ہمارا تعلق نہیں، بھارت نے کچھ کیا تو نفع نقصان نہیں دیکھیں گے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(روشن پاکستان  نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہمارا دامن صاف نہ ہوتا تو ہم دنیا کو پیشکش نہ کرتے، پہلگام واقعے سے ہمارا کچھ لینا دینا نہیں، بھارت نے کچھ کیا تو نفع نقصان نہیں دیکھیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام شواہد قوم کے سامنے رکھے، بھارت ثبوت دینے میں ناکام ہو چکا ہے۔ بھارتی وزرا مودی سے استعفا مانگ رہے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد کے مظاہرے پر تمام سینیٹرز کا مشکور ہوں، کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے میرا رابطہ ہوا، دوست ممالک سے بھی ذاتی طور پر بات کی ہے۔ رابطے میں بھارت کے پروپیگنڈے اور خدشات سے آگاہ کیا۔ سعودی عرب، عرب امارات، قطر، آذربائیجان، بحرین اور ہنگری کے وزرائے خارجہ کوصورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت میں ہونے والی دہشت گردی میں پاکستان کا ہاتھ نہیں، ہم تمام دوست ممالک کو اعتماد میں لے رہے ہیں، ترکیہ اور چین نے تعاون کی یقین دہانی کروائی، جو ہمارے ساتھ جو کرے گا ویسا ہی سلوک کریں گے، ہم پہل نہیں کریں گے، مگر اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

اسحاق ڈار نے اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام شواہد قوم کے سامنے رکھے، بھارت ثبوت دینے میں ناکام ہو چکا ہے۔ بھارتی وزرا مودی سے استعفا مانگ رہے ہیں، بھارت پلوامہ کا ڈرامہ بھی ثابت نہیں کرسکا، ہمارے پانی کے ساتھ کچھ کیا تو جنگ تصور ہوگی۔

نائب وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ڈوزیئر بنا کر دنیا کو معاملے سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم نے دنیا کو شفاف تحقیقات کی آفر کی ہے، ہمارا دامن صاف نہ ہوتا تو ہم دنیا کو پیشکش نہ کرتے، پہلگام واقعے سے ہمارا کچھ لینا دینا نہیں، بھارت نے کچھ کیا تو نفع نقصان نہیں دیکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت ہم سیکیورٹی کونسل کے ممبر ہیں، ایک پریس ریلیز پر گزشتہ روز بھی میں نے اس پر2 اعتراض اٹھائے، پہلگام کے ساتھ جموں و کشمیر نہیں لکھا گیا، ہدایات دیں کہ پہلگام کے ساتھ جموں و کشمیر لکھا جائے گا، ایک جگہ ہے کیوں شرما رہے ہو نام لکھنے میں اس جگہ کا ؟ پاکستان کو مبارک ہو پریس ریلیز پر دونوں اعتراض دور کیے گئے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا اظہار خیال

سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ انڈیا پاکستان پر الزام لگا کر اپنی سیاست چمکانا چاہتا ہے، مودی سرکار کا بیانیہ خود ساختہ اور من گھڑت ہے، جھوٹے پیغامات بھارت اور بنگلہ دیش سے موصول ہوئے۔ پاکستان ہر محاذ پر جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ انڈیا انڈس واٹرٹریٹی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے، بھارتی جنرل نے جنگ کو ناممکن قرار دیا، فوراً برطرف کر دیا گیا۔ انڈیا خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، سری لنکا، نیپال، بنگلہ دیش، مالدیپ ، سب بھارت سے نالاں ہیں۔ خطے میں بھارت نے صرف دباؤ اور دھمکیاں پھیلائیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی وزرا پاکستان سے خوفزدہ ہو کر رابطے سے گریزاں ہیں، پاکستانی قوم اور افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، جنرل عاصم منیر ہمارا فخر ہیں، ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں، انڈیا کا اصل مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، بھارتی میڈیا پاکستان مخالف زہر اگل رہا ہے، پاکستان پر دباؤ ڈالنا بھارتی حکومت کا پرانا حربہ ہے۔

سینیٹر ہدایت اللّٰہ کا اظہارِ خیال

سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج ہیں، مودی ہوش کے ناخن لیں، ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے، باچا خان نے عدم تشدد کی تعلیم دی، مودی کو کہنا چاہتا ہوں ہم عدم تشدد کی بات کرتے ہیں، جنگوں سے انسانی تہذیبیں تباہ ہو جاتی ہیں، ہم چاہتے ہیں پڑوسیوں کے ساتھ امن سے رہیں، ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج ہیں، ہم بے تیغ ہو کر بھی لڑ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی اہم کارروائیاں: مجرمان کی گرفتاری، خود سوزی کی کوشش کا کامیاب تدارک اور منشیات و اسلحہ کی ضبطی

سینیٹر پلوشہ خان کا ایوان بالا میں اظہار خیال

سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں مسلمانوں کی حکومت کے اسباب پیدا ہو رہے ہیں، مودی اور نیتن یاہو کا اس وقت گٹھ جوڑ ہے، اس وقت مودی کے ساتھ کوئی کھڑا ہے تو وہ اسرائیل ہے، کوئی شک نہیں کہ ان کی دشمنی پاکستان سے نہیں اسلام سے ہے، ایک گجرات اورایک غزہ کے مسلمانوں کا قاتل ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کے ناپاک عزائم کو دوٹوک اورواضح پیغام ہے، جو ہاتھ اس طرف بڑھے گا وہ کاٹ دیا جائے گا، ڈھولک کی تھاپ اور جنگی گھوڑوں کی ٹاپ میں بڑا فرق ہوتا ہے، ان کی فوج تقیسم کا شکار ہے کوئی سکھ پاکستان پر حملہ کرنے کو تیار نہیں۔

سینیٹر گردیپ سنگھ کا اظہار خیال

سینیٹر گردیپ سنگھ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک انڈیا ہے، انڈیا نے گولڈن ٹمپل اور بابری مسجد میں جو کیا وہ دہشت گردی کی مثالیں ہیں، انڈیا دوسروں کو انسداد دہشت گردی کا لیکچر نہیں دے سکتا، پاک فوج اکیلے نہیں، 25 کروڑ پاکستانی عوام ساتھ کھڑے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انتہا پسند مودی دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، بھارتی دہشت گردی کا زندہ ثبوت کلبھوشن ہمارے پاس ہے، جارحیت کی صورت میں دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے گا، ہمیں آپس کے اختلافات کو ختم کر کے ملکی دفاع کے لئے متحد ہونا ہو گا، دنیا بھر کی سکھ برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

سینیٹر دنیش کمارکا اظہارِ خیال

سینیٹر دنیش کمارنے کہا کہ ہم پاکستان پر بری نظر رکھنے والوں کی آنکھیں نوچ لیں گے، میرا سرٹیفکیٹ پاکستان کا جھنڈا ہے، مجھے پاکستانی ہندو ہونے پر فخر ہے، اسے مذہب کی جنگ نہ بنایا جائے، آرمی چیف کی دو قومی نظریہ کی بات پر بھارتی میڈیا آگ بگولا ہے، پاکستان کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔

سینیٹر کامل علی آغا کا اظہارِ خیال

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھی جھوٹ کا پلندہ ہے یہ آج ثابت ہو گیا، بھارت کے سیٹنگ جنرل نے بتایا واقعہ جھوٹا اورخود پلان کیا گیا ہے، بھارتی حکومت نے اب تک وہ 28 لاشیں کیوں نہیں دکھائیں؟ جن کے مرنے کی خبریں پھیلائی گئیں وہ جوڑا بھی میڈیا پر سامنے آگیا، پاکستانی میڈیا نے عام آدمی کی آگاہی کے لئے قابل ستائش ذمہ داری نبھائی، سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی ہوئی تو بھارتی ڈیم صفحہ ہستی سے مٹا دینگے۔

مزید خبریں