اتوار,  27 اپریل 2025ء
سحر کامران کا بھارت پر کڑا وار: فالس فلیگ آپریشنز اور انتہاپسند پالیسیوں کو عالمی خطرہ قرار دے دیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور قومی اسمبلی کی رکن، سحر کامران نے بھارتی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد ایک بار پھر بھارت کی “فالس فلیگ” سازش دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک اور ناکام کوشش قرار دیا، اور کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی سیکیورٹی کی ناکامیوں کا حساب دینا ہوگا۔

سحر کامران نے واضح کیا کہ “گجرات سے لے کر کشمیر تک ہونے والے مظالم” بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہندوتوا نظریے کی خطرناک شکل کو ظاہر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کے قاتل گروہ اب کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک میں بھی بے نقاب ہو رہے ہیں، جو عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے انڈس واٹر ٹریٹی کے خلاف بھارتی اقدامات کو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں خطے کو معاشی اور سفارتی بحران کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔ سحر کامران نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر خاموشی اختیار کی گئی تو اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ تعلقات میں حالیہ کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی حمایت کی اور کہا کہ واہگہ بارڈر کی بندش، فضائی حدود کی معطلی اور تجارتی روابط کا خاتمہ ایک واضح پیغام ہے:

“جھوٹ زیادہ دیر نہیں چھپ سکتے!”

انہوں نے یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا،

“تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو، ہمیں یاد ہے سب ذرا ذرا — بالا کوٹ، ابھی نندن، اور تمہاری جھوٹی فتح کے دعوے۔”

آخر میں سحر کامران نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی شدت پسند پالیسیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جھوٹ پر مبنی فالس فلیگ آپریشنز پر خاموش تماشائی نہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ امن، انصاف اور بین الاقوامی اصولوں کا حامی رہا ہے، اور اب وقت آ چکا ہے کہ دنیا بھارت کے جھوٹ کا نوٹس لے۔

مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی عوامی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، سحر کامران

مزید خبریں