اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — دربارِ عالیہ حضرت بری امام سرکار کے سجادہ نشین، پیر سید محمد علی گیلانی نے موجودہ علاقائی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی صرف باتوں اور ڈائیلاگ تک محدود نہیں، بلکہ اس کے پیچھے سنگین خطرات پوشیدہ ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر سید محمد علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ وہ جنگ کا تصور بھی کر سکے، کیونکہ آج کا مسلمان، خاص طور پر فلسطین اور غزہ کے حالات کو دیکھتے ہوئے، ایک لاوے کی مانند ہے جو جب پھٹے گا تو کچھ باقی نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اہل ایمان بہت برداشت کے بعد خاموش بیٹھے ہیں، مگر بھارت جانتا ہے کہ اگر حد پار کی گئی تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔
پیر صاحب نے مزید کہا کہ پاکستانی ایجنسیاں مکمل طور پر الرٹ ہیں اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ “الحمدللہ ہماری فورسز جاگ رہی ہیں، سو نہیں رہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک عالمی جنگ جاری ہے، جو عام انسان کی سمجھ سے بالاتر ہے، مگر اہلِ عقل اسے بخوبی جانتے ہیں۔
انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ دشمن قوتیں میڈیا کے ذریعے پاکستان کی فوج اور سلامتی کے اداروں کے خلاف پراپیگنڈا کر رہی ہیں۔ “اگر ہم پاکستان کی سلامتی چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے اداروں کا دفاع کرنا ہو گا، ناکہ ملک دشمن سازشوں کا شکار بننا ہوگا۔”
مزید پڑھیں: جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ ملین مارچ، پیر سید حیدر علی گیلانی کا جوشیلا خطاب
پیر سید محمد علی گیلانی نے مزید کہا کہ کفار کو سب سے زیادہ خوف پاکستان سے ہے، اسی لیے پاکستان کو ہمیشہ عالمی طاقتوں کی نظروں میں کھٹکتا رہا ہے۔ مگر ہمیں یقین ہے کہ انشاءاللہ، اللہ تعالیٰ اپنے محبوب نبی حضرت محمد صلى الله عليه وآله وسلم اور آل محمد کے صدقے پاکستان پر کرم فرمائے گا۔ آمین۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہوشیار رہیں، حالات کو سمجھیں، اور ملکی یکجہتی اور دفاع کے لیے اپنے اداروں کا ساتھ دیں۔