منگل,  22 اپریل 2025ء
اسلام آباد: سابق ایس پی عارف شاہ کے کزن اور وکلاء کی صحافی پر تشدد، اسلام آباد کرائم اینڈ کورٹس رپورٹرز ایسوسی ایشن کی شدید مذمت

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) سابق ایس پی عارف شاہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں عارف شاہ کے کزن فیصل نقوی ایڈووکیٹ اور ان کے ساتھیوں نے اے بی این نیوز کے رپورٹر عون رضا پر دورانِ کوریج تشدد کیا۔

اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت اسلام آباد کرائم اینڈ کورٹس رپورٹرز ایسوسی ایشن (اکرا) کے صدر مظہر شیخ، جنرل سیکریٹری خرم ملک، فنانس سیکریٹری کنول شہزاد گوندل سمیت دیگر عہدیداران نے کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر حملے اور ان کی آزادی کو دبانے کی کوششیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

اکرا کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کچہری جیسے حساس مقام پر کھلے عام غنڈہ گردی اور صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش عدالتی ماحول کو متاثر کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایسے واقعات کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو صحافی برادری مشترکہ طور پر سخت ردِ عمل دے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہوتے ہیں، ایسے میں ان پر حملے قابلِ مذمت اور آزادی صحافت پر حملے کے مترادف ہیں۔ عارف شاہ پہلے بھی اقرا قتل کیس میں ملزم رہ چکے ہیں، اور اب دوبارہ عدالتی کارروائی سے بچنے کے لیے صحافیوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واقعہ کے دوران عون رضا سمیت دیگر صحافی جب فوٹیج بنانے لگے تو نہ صرف انہیں روکنے کی کوشش کی گئی بلکہ ان کے موبائل فون بھی چھیننے کی کوشش کی گئی۔ اکرا کے مطابق اس واقعہ کا بھرپور ازالہ ہونا چاہیے اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اکرا نے اعلان کیا ہے کہ صحافیوں پر کسی قسم کا دباؤ یا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر محاذ پر اپنے نمائندوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: غزہ میں شہید خاتون صحافی کی آخری دلیرانہ خواہش نے لوگوں کو آبدیدہ کردیا

مزید خبریں