ریاض (وقار نسیم وامقٓ)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں معروف سماجی شخصیت احتشام جاوید کولی اور احمد حسین کی جانب سے منعقدہ محفل میں ریاض میں عرصہ دراز سے مقیم پاکستانی شفیق ملک اور محمد صدیق کے اعزاز میں الوداعیہ اور پاکستان سے تشریف لانیوالے عبداللہ شرجیل راؤ اور مدثر زمان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد ہوئی۔
اس موقع پر احتشام کولی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارے ملک کا بہترین اثاثہ ہیں، موجودہ حکومت کی بہترین حکمتِ عملی کی بدولت پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اوورسیز پاکستانیز بھی پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے عملی طور پر بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
تقریب میں معروف شاعر اور صحافی وقار نسیم وامقٓ نے بھی اظہارِ خیال کیا جبکہ نوجوان شاعر کامران حسانی نے اردو اور پنجابی کلام پیش کرکے خوب داد سمیٹی، دیگر مقررین میں چوہدری عابد، محمد نعیم اور ڈاکٹر طارق عزیز شامل تھے۔
اس موقع پر منعقدہ محفلِ موسیقی میں معروف گلوکار اعجاز خان اور ریاض میوزیکل گروپ نے لوک گیت اور غزلیں پیش کرکے سماں باندھ دیا اور اپنی بہترین گائیکی اور پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لئے۔